والدین کے اصرار پر صرف رسمی طور پر عامر خان سے شادی کی تھی

میں ایک سال تک عامر خان کے ساتھ 'لیونگ اِن ریلیشن شپ' (شادی کے بغیر ایک ساتھ رہنا) میں رہی تھی، کرن راؤ


ویب ڈیسک May 23, 2024
کرن راؤ اور عامر خان کے درمیان 2021 میں طلاق ہوگئی تھی : فوٹو : فائل

بالی ووڈ کی ہدایتکارہ کرن راؤ نے کہا ہے کہ اُنہوں نے اپنے والدین کے اصرار پر صرف رسمی طور پر سُپر اسٹار عامر خان سے شادی کی تھی اور اسی وجہ سے یہ شادی زیادہ نہیں چل سکی۔

بھارتی میڈیا کے مطابق کرن راؤ نے اپنے حالیہ انٹرویو میں کہا کہ میں ایک سال تک عامر خان کے ساتھ 'لیونگ اِن ریلیشن شپ' (شادی کے بغیر ایک ساتھ رہنا) میں رہی تھی اور پھر میرے والدین نے مجھے عامر کے ساتھ شادی کے لیے اصرار کیا۔

کرن راؤ نے کہا کہ میرے اور عامر خان پر معاشرے کا بھی دباؤ تھا کیونکہ ہمارے معاشرے میں شادی کے بغیر مرد اور عورت کا ساتھ رہنا اچھا نہیں سمجھا جاتا لہٰذا میں نے اپنے والدین کے اصرار پر صرف رسمی طور پر عامر خان سے شادی کرنے کا فیصلہ کیا اور پھر ہماری شادی ہوگئی تھی۔

اُنہوں نے کہا کہ شادی شدہ زندگی خواتین کے لیے بہت مشکل ہوتی ہے کیونکہ شادی کے بعد عورت پر ساری ذمہ داریاں آجاتی ہیں، وہ اکیلی گھر اور بچوں کو سنبھالتی ہے، پورے خاندان کو ساتھ لیکر چلتی ہے، اُس پر اپنے سُسرال والوں کو خوش رکھنے کی ذمہ داری بھی ہوتی ہے، بیوی سے توقع کی جاتی ہے کہ وہ اپنے شوہر کے خاندان سے دوستی کرے اور میری نظر میں یہ توقعات غلط ہیں۔

مزید پڑھیں: عامر خان اور کرن راؤ کی طلاق کی وجہ سامنے آگئی

کرن راؤ نے کہا کہ میرے لیے یہ ذمہ داریاں تعصب پسند اور خطرناک ہیں، انہی غیر ضروری ذمہ داریوں کی وجہ سے زیادہ تر خواتین شادی کے نام سے ڈرتی ہیں۔

اُنہوں نے مزید کہا کہ میری اور عامر خان کی طلاق کی اہم وجہ بھی یہی ذمہ داریاں تھیں لیکن طلاق کے بعد بھی ہم دونوں بہترین دوست ہیں اور ایک ساتھ ہمارے بیٹے کی پرورش کررہے ہیں۔

واضح رہے کہ 1996 میں عامر خان نے رینا دتہ سے شادی کی تھی جن سے ان کا ایک بیٹا جنید خان اور بیٹی آئرا خان ہے لیکن شادی کے 16 سال بعد اس جوڑی کی طلاق ہوگئی تھی۔

رینا دتہ سے طلاق کے بعد عامر خان نے سال 2005 میں کرن راؤ سے دوسری شادی کی تھی جن سے اُن کا بیٹا آزاد خان ہے، اداکار کی دوسری شادی بھی نہ چل سکی اور 2021 میں دونوں میں طلاق ہوگئی تھی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں