اسلام آباد ہائیکورٹ نے پیمرا کو ٹی وی چینلز کیخلاف کارروائی سے روک دیا

عدالت نے پیمرا اور سیکریٹری انفارمیشن کو نوٹسز جاری کردئیے


کورٹ رپورٹر May 24, 2024
اسلام آباد ہائی کورٹ نے کیس کی سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی:فوٹو:فائل

اسلام آباد ہائی کورٹ نے عدالتی کارروائی کی رپورٹنگ پر پابندی کے خلاف درخواست پر پیمرا اور سیکریٹری انفارمیشن کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 28 مئی تک جواب طلب کرلیا ساتھ ہی پیمرا کو ٹی وی چینلز کے خلاف تادیبی کارروائی سے روک دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے عدالتی کوریج کرنے والے کورٹ رپورٹرز کی تنظیموں اسلام آباد ہائی کورٹ جرنلسٹس ایسوسی ایشن اور پریس ایسوسی ایشن آف سپریم کورٹ کے صدور فیاض محمود اور عقیل افضل کی جانب سے دائر درخواست پر سماعت کی۔

درخواست گزارکی جانب سے بیرسٹر عمر اعجاز گیلانی اور اسلام آباد ہائی کورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر ریاست علی آزاد عدالت میں پیش ہوئے۔ عدالت نے سماعت کے بعد جاری تحریری حکم نامے میں کہا کہ درخواست گزارکے وکیل کے مطابق پیمرا نے 19 مئی کو عدالتی کارروائی ٹی وی چینلز پر رپورٹ کرنے کی پابندی عائد کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کیا جو آئین کے آرٹیکل 19 اور 19اے کی خلاف ورزی ہے۔

مزید پڑھیں: عدالتی رپورٹنگ پر پیمرا کی پابندی کا حکم ہائیکورٹس میں چلینج، لاہور میں درخواست سماعت کیلیے مقرر

انہوں نے کہا کہ نوٹی فکیشن کے اجرا سے قبل اسٹیک ہولڈرز کو کوئی نوٹس بھی نہیں دیا گیا۔ نوٹی فکیشن کے ذریعے کورٹ پروسیڈنگ سیٹلائیٹ ٹی وی چینلز پر رپورٹ کرنے کی پابندی عائد کی گئی۔

عدالت نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 28 مئی تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں