آئی پی ایل 2024 کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے تیسری مرتبہ ٹائٹل جیت لیا
فائنل میں یکطرفہ مقابلے کے بعد سن رائزز حیدرآباد کو 8 وکٹوں سے شرمناک شکست کا سامنا کرنا پڑا
کولکتہ نائٹ رائیڈرز نے سن رائزرز حیدرآباد کو آٹھ وکٹوں سے شکست دیکر آئی پی ایل 2024 کا ٹائٹل اپنے نام کرلیا۔
چنئی میں کھیلے گئے انڈین پریمیئر لیگ 2024 کے فائنل میں سن رائزز حیدرآباد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا جو غلط ثابت ہوا اور پوری ٹیم 18.3 اوورز میں صرف 113 رنز ہی بنا سکی۔
یہ ٹورنامنٹ کی 17 سالہ تاریخ میں پہلی اننگز کا سب سے کم ترین اسکور تھا۔
جواب میں کولکتہ نائٹ رائڈرز نے 114 رنز کا ہدف صرف دو وکٹوں کے نقصان پر 10.3 اوورز میں حاصل کر لیا۔
کے کے آر کی جانب سے وینکاتش اییر نے جارحانہ اننگز کھیلی اور صرف 24 گیندوں پر اپنی نصف سینچری اسکور کی اور 52 رنز کے ساتھ ناٹ آؤت رہے۔
واضح رہے کہ کولکتہ نائٹ رائیڈرز تیسری مرتبہ آئی پی ایل کی ٹرافی اٹھانے میں کامیاب ہوئی ہے، اس سے قبل کے کے آر 2012 اور 2014 میں گوتم گمبھیر کی کپتانی میں آئی پی ایل کے فائنل جیت چکی ہے۔