مارگلہ ٹریل پر لاپتا ہونے والے نوجوان کی لاش خطرناک کھائی سے مل گئی

طالب علم کی والدہ نے اغوا کی شکایت درج کروائی تھی، سرچ آپریشن کے دوران کھائی سے لاش مل گئی


ویب ڈیسک May 27, 2024
15 سالہ محمد طلحہ دوستوں کے ساتھ ٹریل فائیوپرہائیکنگ کے لیے گیاتھا

وفاقی دارالحکومت کے سیاحتی مقام مارگلہ ٹریل پر لاپتا ہونےو الے نوجوان کی لاش خطرناک کھائی سے مل گئی۔


لاپتا نوجوان کی تلاش کے لیے شروع کیے گئے آپریشن کے بعد پولیس کو خطرناک کھائی سے لاش ملی، اس حوالے سے ابتدائی طور پر بتایا جاتا ہے کہ نوجوان راستہ بھٹک گیا تھا اور پاؤں پھسلنے سے خطرناک کھائی میں جاگرا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ لاش کا پوسٹ مارٹم کروانے کے بعد تمام ممکنہ پہلوؤں کا احاطہ کیا جائے گا۔


قبل ازیں گلزار قائد راولپنڈی کی رہائشی خاتون میمونہ جبیں نے ریسکیو 15، متعلقہ تھانے سمیت پولیس کے تمام دفاتر جاکر نوجوان کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی تھی۔پولیس کومدعیہ نے بتایا کہ ان کا بیٹا 15 سالہ محمد طلحہ اپنے 5 دوستوں کے ساتھ گلزار قائد میں واقع ان کے گھر سے ٹریل فائیوپرہائیکنگ کے لیے گیا مگر واپس نہیں آیا جب کہ اس کے دیگر دوست اپنے گھروں کو واپس پہنچُ گئے ہیں۔


خاتون کے مطابق ان کے بیٹے کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیا ہے۔دوسری جانب وفاقی پولیس کی نئی قائم کی گئی پٹرولنگ پولیس مارگلہ یونٹ اورمتعلقہ تھانے کی پولیس مبینہ مغوی طالب علم کا سراغ لگانے میں ناکام رہی، اور مقدمہ درج کرلیا گیا تھا، جس کے بعد نوجوان کی لاش تلاش کے دوران کھائی سے مل گئی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں