نیب کا بحریہ ٹاؤن راولپنڈی کے دفتر پر چھاپہ ریکارڈ قبضے میں لے لیا
نیب نے سوا گھنٹے تک تلاشی لی اور پھر دفتر کو سیل کردیا
قومی احتساب بیورو (نیب) نے راولپنڈی میں بحریہ ٹاؤن کے دفتر پر چھاپہ مار کر اہم ریکارڈ قبضے میں لے لیا جبکہ ملک ریاض نے کہا ہے کہ وہ کسی صورت بھی وعدہ معاف گواہ نہیں بنیں گے۔
ذرائع کے مطابق نیب کی 16 رکنی ٹیم نے القادر یونیورسٹی کی تحقیقات کے سلسلے میں بحریہ راولپنڈی کے کارپوریٹ دفتر پر چھاپہ مارا جہاں سے اہم ریکارڈ قبضے میں لیا۔
چھاپے کے دوران نیب اور پولیس نے بحریہ ٹاؤن کے دفتر کا چاروں اطراف سے گھیراؤ کیا جبکہ اسلام آباد پولیس کی بھاری نفری بحریہ ٹاؤن کے دفاتر کے باہر موجود رہی اور بحریہ ٹاؤن جانے والے راستے کو سیل کردیا تھا۔
نیب کی ٹیم نے تقریبا سوا گھنٹے تک ہیڈ آفس میں تلاشی لی اور پھر کارپوریٹ ہیڈ آفس ون اور ٹو جبکہ چیف ایگزیکٹوآفس، شکایتی دفترکو بھی سیل کردیا۔