روسی خلاباز خلا میں سب سے زیادہ دن گزارنے والے انسان بن گئے
ایسا ریکارڈ قائم کرنے والا کوئی خاص انسان ہی ہوسکتا ہے، سابق میڈیکل افسر ناسا
روس سے تعلق رکھنے والے ایک خلاباز نے خلا میں سب سے زیادہ دن گزارنے کا ریکارڈ قائم کرلیا ہے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق اولیگ کونونینکو نے اس وقت عالمی ریکارڈ اپنے نام کروالیا جب وہ خلا میں کل 1000 دن گزارنے والے پہلے انسان بن گئے۔
روسی خلائی تنظیم Roscosmos نے اس حوالے سے بیان جاری کیا جس میں اس کا کہنا تھا کہ خلاباز اولیگ کونونینکو، جو اس وقت بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر کام کررہے ہیں، نے خلائی پرواز کے مجموعی دورانیے کے لحاظ سے دنیا میں پہلی بار ایک ہزار دن کا ریکارڈ بنایا ہے۔
اولیگ بین الاقوامی خلائی اسٹیشن پر بطور کمانڈر 3 سمیت 5 مختلف مشنوں پر جاچکے ہیں۔ ناسا کے سابق میڈیکل آفیسر ایمانوئل اروکیٹا کا کہنا تھا کہ ایسا ریکارڈ قائم کرنے والا کوئی خاص قسم کا انسان ہی ہوسکتا ہے۔ یہ واقعی ایک طویل وقت ہے تاہم مجھے لگتا ہے کہ ہم مستقبل میں اس سے زیادہ دنوں کے ریکارڈ دیکھ سکیں گے۔