پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے وزیر اطلاعات

پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام اور دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں، عطاءاللہ تارڑ


ویب ڈیسک June 10, 2024
پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام اور دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں، عطاءاللہ تارڑ

وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑ نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

عطاءاللہ تارڑ نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، 32 بی ٹو بی معاہدوں پر دستخط ہوئے، وزیراعظم شہباز شریف کی صدر شی جن پنگ سے سوا تین گھنٹے ملاقات جاری رہی، چینی قیادت نے سی پیک کو اپ گریڈ کرنے کی بات کی، سی پیک اپ گریڈیشین کے معاملات تیزی سے آگے بڑھ رہے ہیں، اپ گریڈیشن کا فائدہ دونوں ممالک کے عوام کو پہنچے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات نے کہا کہ وزیراعظم نے چینی قیادت کے ساتھ ہر میٹنگ میں کراچی سرکلر ریلوے کا ذکر کیا، مین لائن ون پر ورکنگ کے لئے کمیٹی تشکیل دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی آئی ٹی برآمدات میں اضافہ اور کرنٹ اکاﺅنٹ خسارے میں کمی آئی ہے، زرمبادلہ کے ذخائر میں بھی اضافہ ہوا ہے اور روپے کی قدر بھی مستحکم ہے، آج دنیا پاکستان میں سرمایہ کاری اور تجارت کے لئے معاہدے کرنے کے لئے تیار ہے۔

عطاءاللہ تارڑ کا کہنا تھا کہ پاک چین دوستی ہمارے خون میں شامل ہے، جس میں رخنہ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے، امن و ترقی پاکستان کے اندرونی و بیرونی دشمنوں کو ہضم نہیں ہو رہی، دشمنوں کے مذموم عزائم کامیاب نہیں ہونے دیں گے، دہشت گردی کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے، ملک میں چینی باشندوں کا تحفظ یقینی بنایا جائے گا، کوئی پاک چین تعلقات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، چین کے سیکیورٹی خدشات دور کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی، وزیراعظم کے ساتھ آرمی چیف کا چین جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم نے سیکیورٹی معاملات پر سنجیدگی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کے دشمن سیاسی عدم استحکام، دہشت گردی کا فروغ چاہتے ہیں، سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے والی قوتوں کی کوشش ہوتی ہے کہ پاکستان کے ہمسایہ ممالک کے ساتھ تعلقات پروان نہ چڑھیں، ایک نام نہاد لیڈر نے عالمی سطح پر پاکستان کو تنہائی کا شکار کیا تھا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں