صدرمملکت سے وزیراعظم کی ملاقات معاشی اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی

ملاقات میں ملکی مجموعی معاشی اور مالی صورت حال اور بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر تبادلہ خیال کیا گیا


ویب ڈیسک June 11, 2024
فوٹو۔گریپ

صدر مملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم شہباز شریف کو اگلے مالی سال کے بجٹ میں غریب اور متوسط طبقے کا خیال رکھنے پر زور دیتے ہوئے ملکی ترقی اور معاشی اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

اسلام آباد میں ایوان صدر میں صدرمملکت آصف علی زرداری سے وزیراعظم شہبازشریف نے ملاقات کی جہاں وفاقی وزیرِمنصوبہ بندی وخصوصی اقدامات احسن اقبال بھی موجود تھے، ملاقات میں ملکی مجموعی معاشی و مالی صورت حال اور آئندہ مالی بجٹ میں ترقیاتی منصوبوں پر پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

صدر مملکت نے ملاقات کے دوران وزیراعظم سے کہا کہ آئندہ مالی سال کے بجٹ میں غریب اور متوسط طبقات کا خاص خیال رکھیں اور وزیراعظم شہباز شریف نے صدرمملکت کو حالیہ دورہ چین کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

اس دوران صدرمملکت آصف علی زرداری نے وزیراعظم کو ملکی ترقی اورمعاشی اہداف کے حصول میں تعاون کی یقین دہانی کرائی۔

قبل ازیں ایوان صدرمیں صدرمملکت آصف زرداری کی زیرِ صدارت ملک میں گندم کی خریداری سے متعلق امور پر اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزیربرائے تحفظ خوراک رانا تنویرحسین، پاسکو کے سینئر حکام نے شرکت کی۔

صدر نے اجلاس میں کہا کہ کسانوں کے مفادات کے تحفظ کے لیےاقدامات کی ضرورت ہے، ملک کی تقریباً 65 فیصد آبادی دیہی علاقوں میں مقیم ہے، کسانوں کو گندم کی مناسب قیمت کی فراہمی سے دیہی معیشت کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ غذائی تحفظ ، مستقبل کی غذائی ضروریات پورا کرنے کے لیے اسٹریٹجک ذخائربرقراررکھنا ہوں گے، گندم ذخیرہ کرنے کی جدید سہولیات کی تعمیر کے لیے نجی شعبے کو آسان شرائط میں قرضے فراہم کیے جائیں، بروقت پالیسی اقدامات اور مستقبل کی ضروریات کی درست پیشگوئی کے لیے قابل اعتماد ڈیٹا کی دستیابی کی ضرورت ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں