وزیراعظم سے چینی وفد کی ملاقات، شہباز شریف کا دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، لیو جیان چاؤ

ویب ڈیسک  جمعـء 21 جون 2024
وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا—فوٹو: پی آئی ڈی

وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیر کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا—فوٹو: پی آئی ڈی

 اسلام آباد: پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ڈپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان چاؤ نے وفد کے ہمراہ وزیراعظم سے ملاقات میں کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین کامیاب رہا ہے۔

وزیراعظم کے دفتر سے جاری بیان میں کہا گیا کہ وزیر اعظم شہباز شریف سے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے بین الاقوامی ڈپارٹمنٹ کے وزیر لیو جیان چاؤ کی سربراہی میں وفد نے ملاقات کی، اس موقع پر نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار، دیگر وفاقی وزرا اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر بھی موجود تھے۔

بیان میں کہا گیا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے چینی وزیر لیو جیان چاؤ اور ان کے وفد کے ارکان کا پاکستان میں خیرمقدم کیا جو وزیر اعظم کے حالیہ دورہ چین کے بعد ہونے والی پیش رفت کا حصہ ہے۔

ملاقات کے دوران چینی وزیر لیو جیان چاؤ نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کا حالیہ دورہ چین انتہائی کامیاب رہا، چین نے اپنی خارجہ پالیسی میں پاکستان کو ایک خاص مقام دیا  ہے۔

انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کی اقتصادی ترقی کی حمایت جاری رکھے گا اور پاک-چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کے اپ گریڈ ورژن کے لیے مشترکہ طور پر کام کرے گا۔

چینی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم چین پاکستان اقتصادی راہداری کے اگلے مرحلے سی پیک فیز ٹو پر عمل درآمد کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں، یہ انتہائی اطمینان کی بات ہے کہ سی پیک پر دونوں ممالک میں مکمل سیاسی اتفاق رائے ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاک-چین دوستی وقت کی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔

وزیراعظم نے پاک-چین اسٹریٹجک تعلقات میں مسلسل بہتری اور چین پاکستان اقتصادی راہداری کی اپ گریڈیشن کے لیے مل کر کام کرنے کے چینی قیادت کے وژن کی تعریف کی اور کاہ کہ پاک-چین دوستی دونوں ممالک کے ساتھ ساتھ خطے اور عالمی امن اور ترقی کے لیے بھی ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تمام جاری اور نئے  منصوبوں کی جلد تکمیل اور ان پر عمل درآمد پاکستان کی اقتصادی ترقی اور جامع ترقی میں اہم کردار ادا کرے گا، خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل (ایس آئی ایف سی) ملک میں چینی سرمایہ کاری کے حوالے سے ہر ممکن سہولیات فراہم کر رہی ہے۔

وزیراعظم آفس کے مطابق ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ اور بزنس ٹو بزنس شراکت داری بڑھانے پر اتفاق کیا گیا اور وزیراعظم نے چینی وزیر اور ان کے وفد کے اعزاز میں عشائیہ بھی دیا۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔