غیر ملکیوں کیلیے سکیورٹی پلان پر کسی غفلت کی گنجائش نہیں، وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  ہفتہ 22 جون 2024
اجلاس میں  ملک میں  سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا (فوٹو: اسکرین گریب)

اجلاس میں ملک میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا (فوٹو: اسکرین گریب)

 اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے کہا ہے کہ غیر ملکیوں کے لیے سکیورٹی پلان پر کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔

وزارت داخلہ محسن نقوی کی زیر صدارت اہم اجلاس ہوا، جس میں غیر ملکیوں خصوصاً چینی شہریوں کی حفاظت کے لیے کیے گئے حکومتی اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں ملک میں سکیورٹی کی مجموعی صورتحال پر بھی غور کیا گیا۔

وزیر داخلہ نے غیر ملکیوں سے متعلق سکیورٹی پلان کے ایس او پیز پر من و عن عملدرآمد کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ وضع کردہ پلان کی ہر سطح پر باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے۔ ملک دشمن عناصر کے مذموم عزائم خاک میں ملانے کے لیے متعلقہ ادارے قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی پلان پر کسی قسم کی غفلت کی گنجائش نہیں ہے۔

اجلاس میں وزارت داخلہ سمیت دیگر متعلقہ اداروں کی جانب سے سکیورٹی پلان اور مجموعی صورتحال پر وزیر داخلہ کو بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر وفاقی سیکرٹری داخلہ خرم علی آغا، سربراہ نیکٹا محمد طاہر رائے، کوآرڈینیٹر نیشنل ایکشن پلان، متعلقہ اداروں و وزارت داخلہ کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔