امریکی کمانڈرکی عسکری قیادت سے ملاقاتیں ؛ سپورٹ فنڈ جاری رکھنے کی یقین دہانی

شائق حسین  جمعرات 27 اگست 2015
سی ایس ایف کی فراہمی جاری رکھی جائے، سیکریٹری دفاع، پاکستان کی کوششوں سے افغانستان میں امن ہوا، ہر ممکن مدد کریں گے، سربراہ سینٹ کام فوٹو : فائل

سی ایس ایف کی فراہمی جاری رکھی جائے، سیکریٹری دفاع، پاکستان کی کوششوں سے افغانستان میں امن ہوا، ہر ممکن مدد کریں گے، سربراہ سینٹ کام فوٹو : فائل

 اسلام آباد: امریکا نے پاکستان کو یقین دلایا ہے کہ اتحادی سپورٹ فنڈ کی فراہمی جاری رکھنے کے حوالے سے پاکستان کی درخواست پر ہمدردانہ غورکیا جائے گا۔

اتحادی سپورٹ فنڈ پہلے 2015 میں ختم ہونا تھا کیونکہ اس کا تعلق افغانستان سے اتحادی افواج کے انخلا سے تھا تاہم پاکستان کی درخواست پر اس میں ایک سال کی توسیع کی گئی، اب پاکستان کی خواہش ہے کہ اس کو مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے، بدھ کو پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے کمانڈر جنرل لائیڈ آسٹن نے دیگر امریکی حکام کے ہمراہ وزارت دفاعی پیداوار کا دورہ کیا اور سیکریٹری دفاع لیفٹیننٹ جنرل (ر) محمد عالم خٹک سے ملاقات کی۔

ایک بیان کے مطابق سینٹ کام کے سربراہ نے امریکی افواج کے انخلا کے بعد خطے میں استحکام کیلیے پاکستان کے کردار کو اہم قرار دیا، انھوں نے کہا کہ اس علاقے بالخصوص افغانستان میں دیرپا امن کے قیام کے حوالے سے پاکستان کے کلیدی کردار سے انکار نہیں کیا جا سکتا، ذرائع کے مطابق ملاقات میں سیکریٹری دفاع نے امریکا کی جانب سے پاکستان کو اتحادی سپورٹ فنڈ کی مد میں ملنے والی رقم کا معاملہ اٹھایا، ذرائع نے بتایا کہ امریکی حکام سے کہا گیا ہے کہ اس فنڈ کی فراہمی جاری رکھی جائے، امریکی حکام کا کہنا تھا کہ ان کا ملک پاکستان کی اس درخواست پر ہمدردانہ غور کرے گا۔

اس موقع پر سیکریٹری دفاع نے جنرل آسٹن کو افغان مفاہمتی عمل کی کامیابی کے حوالے سے پاکستان کی جانب سے ادا کیے جانے والے کردار کے بارے میں بتایا، امریکی وفد نے افغان حکومت اور طالبان کے درمیان امن مذاکرات میں پاکستان کے معاون کردار کی تعریف کی، انھوں نے پاکستان اور امریکا کے درمیان دفاعی تعلقات میں اضافے پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان علاقے میں استحکام کے حوالے سے کوششوں میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہا ہے۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی اور امریکی افواج کے تعاون سے ہی افغانستان میں امن کا قیام ممکن ہوا ہے، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی کوششوں کے معترف ہیں، اپنے دوست ملک کی ہر ممکن مدد کریں گے، اس سے قبل جنرل لائیڈ آسٹن نے جوائنٹ اسٹاف ہیڈکوارٹرز میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل راشد محمود سے ملاقات کی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور زیر بحث آئے، جنرل آسٹن نے پاکستان کی مسلح افواج کی جانب سے دہشت گردی کے خاتمے کیلیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا، امریکی سینٹرل کمانڈ کے سربراہ نے جی ایچ کیوکا دورہ بھی کیا اور آرمی چیف جنرل راحیل سے ملاقات کی، اس ملاقات میں باہمی دلچسپی اور علاقائی سلامتی سے متعلقہ امور پر غور ہوا، جنرل آسٹن نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج کی قربانیوں کی تعریف کی، انھوں نے علاقائی امن و استحکام کیلیے پاکستان کی کوششوں کو بھی سراہا اور پاک فوج کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا، وہ یادگار شہدا پر بھی گئے اور پھولوںٕکی چادر چڑھائی۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔