سندھ کے ایک ہزارپولنگ اسٹیشن حساس قرار،فوج تعینات ہوگی

ملک منظور احمد  جمعرات 3 جنوری 2013
فاٹا میں الیکشن کیلیے تیار ہیں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دینگے، سیکریٹری فاٹا کی یقین دہانی  فوٹو: فائل

فاٹا میں الیکشن کیلیے تیار ہیں کسی کو رکاوٹ نہیں ڈالنے دینگے، سیکریٹری فاٹا کی یقین دہانی فوٹو: فائل

اسلام آباد: صوبہ سندھ میں مجموعی 18500پولنگ اسٹیشنوں میں سے ایک ہزار پولنگ اسٹیشنوں کوحساس ترین قراردیاگیا ہے۔

عام انتخابات کے وقت حساس ترین قراردیئے گئے ایک ہزار پولنگ اسٹیشنوں پر فوج تعینات کی جائیگی۔الیکشن کمیشن آف پاکستان  میں عام انتخابات کیلئے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دینے کیلئے اعلیٰ سطحی اجلاس میں چاروں صوبائی حکومتوں کے حکام نے چیف الیکشن کمشنر ،جسٹس (ر)فخرالدین جی ابراہیم کو یقین دہانی کرائی ہے کہ الیکشن کے دوران امن وامان کے قیام کیلئے  فول پروف سیکورٹی کے انتظامات جلد مکمل کرلئے  جائینگے۔

اجلاس کے بعد چیف سیکرٹری سندھ راجہ محمد عباس نے ’’ایکسپریس‘‘ سے گفتگو کے دوران بتایا کہ حکومت سندھ 10سے 15دنوںاندراندرالیکشن کیلئے سیکورٹی پلان کو حتمی شکل دے دے گی، انہوں نے کہاکہ چیف الیکشن کمشنرکی ہدایت پر حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلیے فوج تعینات کی جائیگی۔

11

چیف سیکریٹری بلوچستان بابر یعقوب فتح محمد نے بتایا کہ انتخابات کے دوران حساس علاقوں میںسیکیورٹی اہلکاروںکی تعداد کو دوگنا کردیا جائیگا۔ ایڈیشنل چیف سیکرٹری فاٹاتاشفین نے اجلاس کے شرکاء کویقین دہانی کرائی ہے کہ فاٹا میںالیکشن کیلیے ہم تیار ہیں،انتخابات کے دوران کسی کو رکاوٹ ڈالنے کی اجازت نہیںدی جائیگی،اجلاس میںشریک ذرائع نے بتایاکہ حساس ترین قراردیئے جانیوالے پولنگ اسٹیشنوں کی فہرست جلد پاک فوج کے حکام کے حوالے کر دی جائیگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔