امن مذاکرات کا کوئی مستقبل نظرنہیں آرہا پروفيسرابراہيم

ایف سی اہلکاروں کی شہادت پرانا واقعہ تھا جسے سازشی عناصر نے استعمال کیا، رکن طالبان مزاکراتی کمیٹی


ویب ڈیسک February 24, 2014
حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے کوئی رابطہ نہیں، پروفیسر ابراہیم۔ فوٹو: فائل

حکومت سے مذاکرات کرنے والی طالبان کمیٹی کے رکن پروفیسر ابراہیم کا کہنا ہے کہ ان کا حکومتی مذاکراتی کمیٹی سے کوئی رابطہ نہیں اور صورت حال یہ ہے کہ انہیں امن مذاکرات کا کوئی مستقبل نظرنہیں آرہا۔

پارلیمنٹ ہاؤس اسلام آباد کے باہر میڈیا سے بات کرتے ہوئے پروفیسر ابراہیم کا کہنا تھا کہ شمالی وزیرستان میں بمباری کے نتائج کا کسی کو علم نہیں ، اس میں پتہ نہیں چلتا کہ اس میں دہشتگرد مارے جا رہے ہیں یا عام لوگ، اسی طرح بم دھماکوں میں بھی پتہ نہیں چلتا کہ یہ کون لوگ کر رہے ہیں لیکن اس میں بھی عام لوگ ہی مارے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایف سی اہلکاروں کی شہادت کے بعد صورتحال بگڑی ، اہل کاروں کی شہادت پرانا واقعہ تھا جسے سازشی عناصر نے مذاکرات سبوتاژ کرنے کے لئے استعمال کیا۔

پروفیسر ابراہیم نے کہا کہ حکومتی مذاکراتی ٹیم سے ان کا فی الحال کوئی رابطہ نہیں، وہ یہ بھی نہیں جانتے دونوں کمیٹیوں کا اگلا مشترکہ اجلاس کب ہوگا۔ ایسی صورت حال میں انہیں امن مذاکرات کا کوئی مستقبل نظر نہیں آرہا لیکن وہ کوشش کر رہے ہیں کہ معاملات جلد بہتری کی طرف آجائیں کیونکہ آپریشن کی صورت میں لاکھوں لوگ بے گھر ہو جائیں گے۔

مقبول خبریں