بنگلادیشی سرزمین پر پاکستانی پرچم کیا لہرایا شیخ حسینہ کی نفرت کی آگ مزید بھڑک اٹھی

ویب ڈیسک  منگل 25 مارچ 2014
بنگالی شائقین اسٹیڈیم میں بنگلا دیش کے علاوہ کسی اور ملک کا جھنڈا نہ اٹھائیں،بی سی بی۔فوٹو:فائل

بنگالی شائقین اسٹیڈیم میں بنگلا دیش کے علاوہ کسی اور ملک کا جھنڈا نہ اٹھائیں،بی سی بی۔فوٹو:فائل

ڈھاکا: ایشیا کپ میں پاکستان کے ہاتھوں بنگلا دیش کی بد ترین شکست اور ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی خاص کارکردگی نہ دکھانے پر بنگلا دیشی کرکٹ بورڈ نے کھسیانی بلی کی طرح کھمبا نوچنا شروع کردیا اور بنگالی شائقین کرکٹ پر اسٹیڈیم میں پاکستان سمیت کسی بھی غیر ملکی جھنڈا لہرانے پر پابندی لگاد ی ہے جبکہ آئی سی سی نے بنگلا دیش کرکٹ بورڈ کے اس اقدام کا نوٹس بھی لے لیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق بنگلا دیش کرکٹ بورڈ نے اپنے شائقین کرکٹ کو ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں دوسری ٹیموں کی سپورٹ سے روک دیا ہے ،بی سی بی نے ہدایت جاری کی ہیں کہ بنگالی شائقین اسٹیڈیم میں بنگلا دیش کے علاوہ کسی اور ملک کا جھنڈا نہ اٹھائیں اس سلسلے میں شائقین پر پاکستان سمیت کسی بھی غیر ملکی پرچم لہرانے پر بھی پابندی کردی گئی ہے۔ بی سی بی کی جانب سے یہ فیصلہ بنگالی شائقین کی جانب سے اسٹیڈیم میں پاکستانی ٹیم کی حمایت اور پاکستانی پرچم لہرانے کے بعد کیا گیا ہے ۔بی سی بی کے فیصلے کے بعد بنگلا دیش اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ہونے والے میچ میں پولیس نے بنگالی شائقین کو ویسٹ انڈیز کی جانب سے اچھا کھیل پیش کرنے پر اس کی حمایت سے بھی روک دیا۔

دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے بنگلادیش کرکٹ بورڈ کے اس اقدام کا نوٹس لے لیا ہے، آئی سی سی حکام کا کہنا ہے کہ بی سی بی کی جانب سے  بنگالی شائقین کو دوسری ٹیموں کی سپورٹ سے روکنے کی ہدایت درست نہیں ہم معاملات کا جائزہ لے رہے ہیں اور اس سلسلے میں بی سی بی حکام سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

واضح رہے کہ پاکستان اور آسٹریلیا کے  درمیان میچ میں بنگالی شائقین کی جانب سے پاکستان کو مکمل حمایت حاصل تھی اور اسٹیڈیم میں شائقین پاکستان کے حق میں نعرے کے ساتھ سبز ہلالی پرچم بھی لہرارہے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔