اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 2 ارب روپے کے رمضان پیکج کی منظوری دے دی

ویب ڈیسک  جمعرات 17 اپريل 2014
اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں سونے کی درآمد پر پابندی ختم کرتے ہوئے امپورٹرز کو ماہانہ 10 کلو سونا درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی۔  فوٹو: آئی این پی

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں سونے کی درآمد پر پابندی ختم کرتے ہوئے امپورٹرز کو ماہانہ 10 کلو سونا درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی۔ فوٹو: آئی این پی

اسلام آباد: اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ماہ رمضان کے لیے 2 ارب 60 کروڑ روپے کے پیکج کی منظوری دے دی جبکہ یوٹیلٹی اسٹورز پر کھانے کی اشیاء بھی سستی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی صدارت میں ہوا جس میں وزارت خزانہ کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ماہ رمضان کے لیے 2 ارب روپے کے پیکج کی منظوری دی جبکہ رمضان المبارک میں عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے یوٹیلیٹی اسٹورز پر کھانے کی اشیاء بھی سستا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق رمضان میں 100 کے قریب اشیائے ضروریہ پر 5 سے 10 فیصد تک رعایت دی جائے گی اور یوٹیلٹی اسٹورز پر 17 اشیا 10 روپے فی کلو سستی ملیں گی۔ رمضان پیکج کے تحت یوٹیلٹی اسٹورز پر آٹا مارکیٹ سے 6 روپے فی کلو سستا فراہم کیا جائے جبکہ چینی،دالیں،بیسن اور گھی پر 10 روپے فی کلو ریلیف فراہم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ کمیٹی نے چائے پر فی کلو 50 روپے اور مشروبات پر 10 روپے فی بوتل ریلیف دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ملک میں سونے کی درآمد پر پابندی ختم کرتے ہوئے امپورٹرز کو ماہانہ 10 کلو سونا درآمد کرنے کی بھی اجازت دے دی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔