عمران خان کے مارچ سے نمٹنے کیلئے حکومت کا آزادی کی تقریبات 2ہفتے تک منانے کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعـء 11 جولائی 2014
مرکزی تقریب اسلام آباد میں ڈی چوک پر ہوگی جس میں فوجی سربراہان،سفیروں اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی،فوٹو:فائل

مرکزی تقریب اسلام آباد میں ڈی چوک پر ہوگی جس میں فوجی سربراہان،سفیروں اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی،فوٹو:فائل

اسلام آباد: حکومت نے تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی طے کرلی جس کے تحت ملک بھر میں جشن آزادی کی تقریبات2 ہفتے تک منانے کا اعلان کیا گیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف کی زیر صدارت خصوصی اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید،وزیرریلوے خواجہ سعد رفیق سمیت دیگر وزرا نے شرکت کی۔ خصوصی اجلاس میں تحریک انصاف کے لانگ مارچ سے نمٹنے کے لئے حکمت عملی طے کی گئی جس کے تحت وزیراعظم نے ملک بھر میں جشن آزادی کی تقریبات دو ہفتے تک منانے کا فیصلہ کیا۔

اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ جشن آزادی کی مرکزی تقریب اسلام آباد میں ڈی چوک پر ہوگی جس میں فوجی سربراہان،سفیروں اور دیگر اہم شخصیات شرکت کریں گی جس سے وزیراعظم نوازشریف خطاب کریں گے جبکہ  ملک بھر میں صوبائی اور اضلاع کی سطح پر بھی جشن آزادی کی تقریبات کا اہتمام کیا جائے گا، تقریبات میں ملی نغمے اور ثقافتی پروگرام بھی پیش کیے جائیں گے۔ وزیراعظم نوازشریف نے تقریبات کے انتظامات دیکھنے کے لئے وفاقی وزیراطلاعات پرویز رشید کو انچارج مقرر کیا ہے۔

واضح رہے کہ تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے الیکشن میں مبینہ دھاندلی پر حکومت کے خلاف 14 اگست کو سونامی مارچ کا اعلان کررکھا ہے جس میں عمران خان کے مطابق اس مارچ میں  10 لاکھ سے زائد افراد شرکت کریں گے

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔