کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی پرپاکستان کو بھرپورجواب دیں گے، بھارتی آرمی چیف کی بڑھک

ویب ڈیسک  جمعـء 1 اگست 2014
سرحد پر بھارتی فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو بڑھانے کے لئے مختلف تیاریاں کی جائیں گی، جنرل  دلبیر سنگھ سہاگ  فوٹو: فائل

سرحد پر بھارتی فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو بڑھانے کے لئے مختلف تیاریاں کی جائیں گی، جنرل دلبیر سنگھ سہاگ فوٹو: فائل

نئی دلی: بھارت کے نئے آرمی چیف جنرل دلبیرسنگھ سہاگ اپنا عہدہ سنبھالنے کے ساتھ ہی پاکستان کو دھمکیا دینے پر اتر آئے ہیں اورموصوف فرماتے ہیں کہ سرحد پر پاکستان کی کسی بھی قسم کی اشتعال انگیزی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔

نئی دہلی میں اپنا عہدہ سنبھالنے کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے نئے بھارتی آرمی چیف کا نکتہ نگاہ گزشتہ برس جنوری میں سرحدی کشیدگی اور مبینہ بھارتی فوجی کا سر کاٹنے کے واقعے پر ہی رہا، موصوف کا کہنا تھا کہ اب اس قسم کی کسی کارروائیاں برداشت نہیں کیا جائے گا جب کہ پہلے کی نسبت زیادہ تیز اور موثر جواب دیا جائے گا۔ نئے آرمی چیف سے جب صحافیوں نے پوچھا کہ وہ کس طرح جواب دیں گے تو واضح جواب دینے سے گریز کرتے ہوئے کہا کہ یہ سمجھ لینا چایئے کہ جب ہم طاقت کے استعمال کی بات کرتے ہیں تو اس کی کئی قسمیں ہوتی ہیں۔

جنرل دلبیر سنگھ سہاگ کا کہنا تھا کہ سرحد پر بھارتی فوج کی پیشہ وارانہ مہارت کو بڑھانے کے لئے مختلف تیاریاں کی جائیں گی۔ ان کی اولین ترجیحات میں فوج کو جدید خطوط پراستوار کرنا اور اس کے بنیادی ڈھانچے کو بہتر بنانے کے علاوہ حاضر سروس اور سابق فوجیوں کی فلاح و بہبود شامل ہیں۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ جب تک وہ بھارتی فوج کے سربراہ ہیں ان کی ہر ممکن کوشش ہوگی کہ فوجیوں کو ان کی ضروریات اور اہداف کے مطابق مناسب ہتھیار اور دیگر آلات ملیں۔

واضح رہے کہ دلبیر سنگھ سہاگ مقبوضہ کشمیر میں نہتے اور بے گناہ کشمیریوں کے خون کی ہولی کھیلنے کے حوالے سے مشہور ہیں اور ان کی تعیناتی کے دوران فوجی حکام ہر روز کئی کئی کشمیریوں کو ہلاک کرکے انہیں حریت پسندوں سے مقابلہ ثابت کرتے تھے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔