نواز شریف نے استعفیٰ نہیں دیا تو وزیراعظم ہاؤس بھی آجاؤں گا، عمران خان

ویب ڈیسک  بدھ 20 اگست 2014
پولیس کل کی طرح آگے بھی قابض حکمرانوں کے کسی غیر قانونی حکم پر عمل نہ کرے، عمران خان  فوٹو: اے ایف پی

پولیس کل کی طرح آگے بھی قابض حکمرانوں کے کسی غیر قانونی حکم پر عمل نہ کرے، عمران خان فوٹو: اے ایف پی

اسلام آباد: تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اگر وزیر اعظم نواز شریف نے ضد چھوڑ کر استعفیٰ نہ دیا تو میں ان کے پیچھے وزیر اعظم ہاؤس میں بھی آ جاؤں گا۔

پارلیمنٹ ہاؤس کے سامنے آزادی مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ ملک کے سب سے بڑے ڈاکو نواز شریف کو میں نہیں چھوڑوں گا،نوازشریف نے ملک کا بہت پیسا لوٹا ہے  اور میں ملک کی لوٹی ہوئی تمام دولت وصول کروں گا اور اگرنوازشریف نے استعفیٰ نہ دیا تو ان کے پیچھے وزیر اعظم ہاؤس میں بھی آ جاؤں گا۔ انہوں نے وزیر اعظم نواز شریف کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میاں صاحب آخری اوور ہے اور اب آپ میچ نہیں جیت سکتے لہٰذا ضد چھوڑ کر استعفیٰ دیں اور عوام کے فیصلے کو قبول کرلیں،

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ پولیس نے ہماری ریڈزون میں پیش قدمی پر کوئی رکاوٹ کھڑی نہیں کی اور آگے بھی پولیس ملک پر قابض حکمرانوں کے کسی غیر قانونی حکم پر عمل نہ کرے۔

عمران خان نے پارلیمنٹ ہاؤس پہنچنے پر مارچ میں شریک عوام کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہاں موجود لوگوں نے باقی پاکستانی عوام کو ایک نیا حوصلہ دے دیا، آج ایک نئے پاکستان کا سورج طلوع ہونے والا ہے اور ہم نے پاکستانی عوام کو ظلم سے آزادی دلانی ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج شام 4 بجے ہمیں نئے پاکستان کا جشن منانا ہے اور آج ہی میں نواز شریف کا بھی بندوبست کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔