صدر تحریک انصاف جاوید ہاشمی نے قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دے دیا

ویب ڈیسک  منگل 2 ستمبر 2014
عمران خان کو نہیں بلکہ  عوامی مسائل حل نہ کرنے والی پارلیمنٹ کو کٹہرے میں کھڑا کریں، صدر پی ٹی آئی۔ فوٹو: فائل

عمران خان کو نہیں بلکہ عوامی مسائل حل نہ کرنے والی پارلیمنٹ کو کٹہرے میں کھڑا کریں، صدر پی ٹی آئی۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: تحریک انصاف کے صدر جاوید ہاشمی نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے دوران دھواں دھار تقریر کے بعد اپنے استعفے کا اعلان کردیا۔

جاوید ہاشمی نے پارلیمنٹ میں اظہار خیال کرتے ہوئے آدھے گھنٹے سے زائد تقریر کی ۔ اس موقع پر انہوں نے کہا کہ خوشی سے پارلیمنٹ سے استعفی دے کر عوام کے پاس جارہا ہوں، پارلیمنٹ کو نظرانداز کریں گے تو اسے گرانے کی آوازیں آئیں گی، عمران خان کو نہیں بلکہ  عوامی مسائل حل نہ کرنے والی پارلیمنٹ کو کٹہرے میں کھڑا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کور کمیٹی کے فیصلے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ڈی چوک سے آگے بڑھنے کا فیصلہ کیا اس لئے پارلیمنٹ گرانے والوں کا کس طرح ساتھ دے سکتا ہوں۔

صدر تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم 14 مہینے تک سینیٹ میں کیوں نہیں گئے، اگر حکومت کی جانب سے پارلیمنٹ کے تقدس کا خیال نہیں رکھا جائے گا تو اسے گرانے والے لشکر آئیں گے۔ انہوں نے حکمران جماعت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ مسلم لیگ (ن) نے ان کے ساتھ بہت زیادتیاں کیں، عمران خان کی مقبولیت بہت ہے اور نوجوان طبقہ ان کے ساتھ ہے۔ جاوید ہاشمی کی تقریر کے اختتام پر ارکان نے ڈائس بجا کر انہیں خراج تحسین پیش کیا جبکہ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس کے اختتام پر وزیراعظم نواز شریف اپنی نشست سے اٹھ کر جاوید ہاشمی کے پاس گئے اور ان سے بغل گیر ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔