قوم سیلاب میں گھری ہے اورعمران خان ہر رات ناچ گانوں کا اہتمام کرتے ہیں، شہبازشریف

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 ستمبر 2014
چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی کرانا لندن پلان کی گھناؤنی سازش تھی، شہباز شریف ، 
فوٹو: فائل

چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی کرانا لندن پلان کی گھناؤنی سازش تھی، شہباز شریف ، فوٹو: فائل

ملتان: وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف کا کہنا ہے کہ عمران خان کو عوام کا کچھ خیال نہیں یہاں قوم کی مائیں اور بیٹیاں سیلاب میں گھری ہوئی ہیں اور وہ ہر رات ناچ گانوں کا اہتمام کرتے ہیں۔

ملتان میں سیلاب متاثرین سے خطاب کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ چین ہمارا بہترین دوست ہے، چین کے صدر کے بھارت سے 20 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کئے اگر چین کے صدر پاکستان آتے تو انہیں پاکستان کے ساتھ 34 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کے معاہدے کرنے تھے،چین کے صدر کے دورہ پاکستان سے ملک میں اندھیرے دور ہونے تھے لیکن عمران خان اور طاہر القادری کے دھرنوں کی وجہ سے ایسا نہ ہوسکا۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد کے ڈی چوک پر جاری دھرنے اور دھرنی کی وجہ سے پاکستان کو جو نقصان ہوا ہے وہ اس ملک کے عوام کبھی نہیں بھولیں گے،چین کے صدر کا دورہ پاکستان ملتوی کرانا لندن پلان کی گھناؤنی سازش تھی جس کے اہم کردار عمران خان ،طاہر القادری اور چوہدری برادران ہیں۔

شہباز شریف نے کہا کہ پنجاب میں 1972 کے بعد بدترین سیلاب آیا ہے، صوبے کے عوام سیلاب میں گھرے ہوئے ہیں لیکن عمران خان اور طاہر القادری کو اپنے ملک کے عوام کا کچھ خیال نہیں اورعمران کان ہر رات ناچ گانوں کا اہتمام کرتے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی سربراہی میں ہم سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹ رہے ہیں اورحکومت  سیلاب سے متاثرہ آخری گھرانے اور خاندان کے اپنے پاؤں پر کھڑے ہونے تک چین سے نہیں بیٹھے گی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔