تحریک انصاف کے دھرنے پراب تک ایک ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں، جاوید ہاشمی

ویب ڈیسک  اتوار 21 ستمبر 2014
عمران خان کو بتا دیا تھا کہ استعفیٰ دینے کی باری آئے گی تو شاہ محمود قریشی نہیں دیں گے،جاوید ہاشمی فوٹو:آن لائن

عمران خان کو بتا دیا تھا کہ استعفیٰ دینے کی باری آئے گی تو شاہ محمود قریشی نہیں دیں گے،جاوید ہاشمی فوٹو:آن لائن

ملتان: پاکستان تحریک انصاف کے ناراض صدر جاوید ہاشمی نے وزیراعظم نواز شریف اور وزیراعلی پنجاب شہباز شریف کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ دونوں بھائی ڈر پوک ہیں اگر معاملات حل کرنے کی کوشش کی جاتی تو اس نہج کو نہ پہنچتے۔

ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے جاوید ہاشمی کا کہنا تھا کہ عمران خان کو بتا دیا تھا کہ استعفیٰ دینے کی باری آئے گی تو شاہ محمود قریشی نہیں دیں گے، میری اور عمران خان کی سوچ الگ ہے لیکن شاہ محمود قریشی کی کوئی سوچ نہیں، ہم سیاست اپنی جان قربان کرنے کے لئے کرتے ہیں، سیاست کے لئے اگر شاہ محمودقریشی کو ایک ہفتہ جیل میں رہنے کو کہا جائے تو وہ اسے گالی تصور کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ لوگ اپنی تقریریں گالم گلوچ سے کرتے ہیں کراچی جلسے میں شاہ محمود قریشی نے انہیں برا بھلا کہا ، لگتا ہے ان کی تربیت میں کچھ خامی رہ گئی لیکن وہ ان کو جواب ان کی زبان میں نہیں دے سکتے ۔

صدر تحریک انصاف نے کہا کہ اسلام آباد میں دیئے جانے والے دھرنے پر اب تک ایک ارب روپے خرچ ہوچکے ہیں اور جب پارٹی سے ناراضگی اختیار کی اس وقت تک 27 کروڑ روپے خرچ ہوچکے تھے اور یہی نہیں ڈی جے بٹ کا خرچہ ساڑھے 4 کروڑ تک پہنچ چکا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مجھے بتایا گیا عمران خان اور ڈاکٹر طاہرالقادری کی لندن میں ہونے والی میٹنگ میں گورنر پنجاب چوہدری سرور نے بھی شرکت کی تھی لیکن اس کی تصدیق نہیں کرسکتا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔