ملک کے ستونوں میں کرپشن بھی ایک ستون بن چکا ہے، ڈاکٹر طاہرالقادری

ویب ڈیسک  جمعرات 9 اکتوبر 2014
ہمیں اس ملک سے کرپشن کی جڑوں کو کاٹنا ہے جس کے لیے سب کو ساتھ بیٹھنا ہوگا، 
،طاہر القادری، فوٹو: فائل

ہمیں اس ملک سے کرپشن کی جڑوں کو کاٹنا ہے جس کے لیے سب کو ساتھ بیٹھنا ہوگا، ،طاہر القادری، فوٹو: فائل

اسلام آباد: پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈکٹر طاہرالقادری نے کہا ہے کہ اس ملک کے ستونوں میں سے کرپشن بھی ایک ستون بن چکا ہے جسے سب نے تسلیم کرلیا ہے۔

اسلام آباد کے ڈی چوک پر دھرنے کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ پاکستان کے ادارے خسارے میں چل رہے ہیں اس حکومت کا پورا نظام کرپٹ ہے، حکمران میرٹ پر سرکاری نوکریاں نہیں دیتے اور لاکھوں کی تنخواہ پر سفارشی لوگوں کو بٹھا دیتے ہیں جس پر عوام کو سوال پوچھنے کا پورا حق ہے کہ سرکاری ملازمت کا میرٹ کیا ہے جبکہ پاکستان میں ڈاکٹرز اور انجینئرز کو بھی لاکھوں میں تنخواہ نہیں دی جاتی۔ انہوں نے کہا کہ اس ملک کے ستونوں میں سے کرپشن بھی ایک ستون بن چکا ہے جسے سب نے تسلیم کرلیا ہے جبکہ کرپشن اب پاکستانی سیاسی کلچر کا بھی حصہ بن چکی ہے لیکن ہمیں اس ملک سے کرپشن کی جڑوں کو کاٹنا ہے جس کے لیے سب کو ساتھ بیٹھنا ہوگا۔

ڈاکٹر طاہرالقادری نے کہا کہ ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ ہماری انقلابی جہدوجہد کے ساتھ سیاسی جہدوجہد بھی جاری رہے گی اور ہم اپنی پارٹی کا سیاسی منشور تیار کررہے ہیں جس میں اہم نکتہ کرپشن کا خاتمہ ہوگا جبکہ ہماری جدوجہد کا اگلا پڑاؤ فیصل آباد میں ہوگا اور وہیں اپنی جماعت کا منشور پیش کروں گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔