بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بھارت اور افغانستان ملوث ہیں، صوبائی وزیر داخلہ

ویب ڈیسک  جمعرات 30 اکتوبر 2014
ایف سی نے کوئٹہ کےعلاقے گلستان میں کارروائی کرکے4 ہزار کلو گرام بارودی مواد اور خود کش جیکٹس برآمد کئے، بریگیڈیئر طاہر۔ فوٹو؛ فائل

ایف سی نے کوئٹہ کےعلاقے گلستان میں کارروائی کرکے4 ہزار کلو گرام بارودی مواد اور خود کش جیکٹس برآمد کئے، بریگیڈیئر طاہر۔ فوٹو؛ فائل

کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا ہے کہ بلوچستان میں حالات خراب کرنے میں بھارت اور افغانستان کے خفیہ ادارے ملوث ہیں۔

کوئٹہ میں ڈی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کے خلاف کامیاب کارروائی کی اور ہمیں فخر ہے کہ ایف سی نے صوبے کو بڑی تباہی سے بچا لیا۔ ان کا کہنا تھا کہ میں نہیں سمجھتا کہ بلوچستان میں جنگجو تنظیم داعش کا کوئی وجود ہے، بھارت کی خفیہ ایجنسی ’’را‘‘  اور افغانستان کے خفیہ ادارے بلوچستان میں حالات خراب کرنے میں ملوث ہیں۔

ڈی جی ایف سی بریگیڈیئر طاہر کا کہنا تھا کہ ایف سی نے انٹیلی جنس رپورٹس کی بنیاد پر گلستان کے جنرل ایریا میں کارروائی کی گئی جس میں 4 ہزار کلو  گرام دھماکا خیز مواد برآمد کیا گیا، کارروائی کے دوران ایک مشتبہ افغان باشندے اور ایک گاڑی کو بی قبضے میں لیا گیا۔ گاڑی سے کلاشنکوف، دستی بم اور سیکڑوں گولیاں بھی برآمد ہوئیں۔

ڈی جی ایف سی کا کہنا تھا کہ گلستان میں کارروائی کے دوران 18 خود کش جیکٹس۔ 100 سے زائد راکٹ لانچرز، بم بنانے والے آلات اور درجنوں واکی ٹاکی بھی  بھی قبضے میں لئے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کو دہشت گردی سے بچانے کے لئے تخریب کاروں کے خلاف کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔