حکومت نے پیٹرول کی فی لیٹر قیمت میں 9 روپے 43 پیسے کی کمی کردی

ویب ڈیسک  جمعـء 31 اکتوبر 2014
ایچ او بی سی کی قیمت میں 14 روپے 68 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔  فوٹو: فائل

ایچ او بی سی کی قیمت میں 14 روپے 68 پیسے کی کمی کی گئی ہے۔ فوٹو: فائل

اسلام آباد: وزیراعظم نواز شریف نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی ہے جس کے بعد پیٹرول کی قیمت 9 روپے 43 پیسے کمی کے بعد 94 روپے 19 پیسے ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق عالمی منڈی میں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے بعد وزیراعظم نواز شریف نے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی منظوری دے دی جس کے مطابق سب سے زیادہ ہائی اوکٹین اور ایچ او بی سی میں بالترتیب 14 روپے 68 پیسے کمی کی گئی ہے جبکہ پیٹرول کی قیمت میں 9 روپے 43 پیسے کمی کی گئی جس کے بعد نئی قیمت 94 روپے 19 پیسے، ڈیزل کی قیمت میں 6 روپے 18 پیسے کمی کے بعد نئی قیمت 101 روپے 21 پیسے ہوگئی ہے۔ اسی طرح مٹی کے تیل میں 8 روپے 16 پیسے کمی کی منظوری دی گئی ہے جس کے بعد مٹی کا تیل 87 روپے 12 پیسے میں دستیاب ہوگا جبکہ ہائی اوکٹین 116 روپے 15 پیسے فی لیٹر میں ملے گا۔

وفاقی کابینہ کے اجلاس کے دوران پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کے اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم نواز کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ کمی مثالی ہے جس کا براہ راست فائدہ عام فرد کو ملنا چاہیئے۔ انہوں نے چاروں صوبوں کے وزرا اعلی کو ہدایت کی کہ صوبائی حکومتیں ٹرانسپورٹ کے کرایوں اور اجناس کی قیمتوں میں کمی یقینی بنائیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔