سونے کی قیمتیں 4 سال کی کم ترین سطح تک گرگئیں

احتشام مفتی  ہفتہ 1 نومبر 2014
امریکی معاشی پیکیج ختم کرنے پرعالمی سطح پر سونا جولائی2010کے بعدپہلی بار1167.41 پر آ گیا۔
 فوٹو: فائل

امریکی معاشی پیکیج ختم کرنے پرعالمی سطح پر سونا جولائی2010کے بعدپہلی بار1167.41 پر آ گیا۔ فوٹو: فائل

کراچی: امریکی بینکاری ریگولیٹر کی جانب سے معیشت کو سہارا دینے کے لیے جاری اربوں ڈالر کا پیکیج ختم کرنے سے جمعہ کو عالمی سطح پرسونے کی قیمتیں 4سال کی کم ترین سطح تک گرگئیں جس کے نتیجے میں مقامی بلین مارکیٹ میں بھی قیمتیں ڈیڑھ سال کی کم ترین سطح پر آگئیں اور تولہ نرخ 47ہزار روپے سے نیچے آگئے۔

مارکیٹ ذرائع کے مطابق امریکی بینکاری ریگولیٹر فیڈرل ریزرو نے 6سال قبل اقتصادی بحران سے نمٹنے کے لیے ماہانہ اربوں ڈالر کا کوانٹیٹیٹیو ایزنگ پیکیج شروع کیا تھا جس کے تحت معیشت کو سرمائے کی فراہمی کے لیے رسکی اثاثے خریدے جاتے تھے۔

گزشتہ دنوں امریکی مرکزی بینک نے امریکی معاشی بحالی مضبوط ہونے پر یہ پیکیج واپس لے لیا جس کے نتیجے میں سونے کی عالمی قیمتوں میں یکدم نمایاں کمی کا سلسلہ شروع ہوا اور لندن بلین مارکیٹ میں سونے کی قیمت ایک موقع پر 1167.41 ڈالر فی اونس پر آگئی جو جولائی 2010 کے بعد سے کم ترین سطح ہے جبکہ چاندی کی قیمت بھی 15.99 ڈالر فی اونس پر آگئی جو فروری 2010 کے بعدکم ترین سطح ہے تاہم بعد میں ریکوری دیکھی گئی۔

عالمی ماہرین کا کہنا ہے کہ امریکی معیشت کے مضبوط ہونے اور فیڈرل ریزرو کی جانب سے معاشی پیکیج ختم کرنے سے امریکی ڈالر کو دگنا سپورٹ ملی جس کے نتیجے میں سونے کی سرمایہ کاری کے لیے محفوظ اثاثے کی حیثیت میں کمی آئی اور اس کی طلب گرنے سے قیمتیں نیچے آ گئیں، سرمایہ کار سونے کو برے اقتصادی حالات میں سرمائے کو محفوظ بنانے کا بہترین ذریعہ سمجھتے ہیں جبکہ اقتصادی حالات بہتر ہونے پر زیادہ منافع کی حامل اشیا میں سرمایہ کاری بڑھ جاتی ہے۔

پاکستانی بلین مارکیٹ میں جمعہ کو سونے کی 1176 ڈالر فی اونس قیمت پر پرائسنگ کی گئی جو جمعرات سے 28 ڈالر کم ہے جبکہ فی تولہ اور فی دس گرام سونے کی قیمتوں میں بالترتیب950 روپے اور814 روپے کی کمی کی گئی جس کے نتیجے میں کراچی حیدرآباد سکھر ملتان فیصل آباد لاہور اسلام آباد راولپنڈی پشاور اور کوئٹہ کی صرافہ مارکیٹوں میں فی تولہ سونے کی قیمت گھٹ کر 46ہزار 850 روپے اور فی دس گرام سونے کی قیمت گھٹ کر40ہزار 157 روپے ہوگئی ہے۔

اسی طرح فی تولہ چاندی کی قیمت30 روپے کی کمی سے700 روپے اور فی دس گرام چاندی کی قیمت25.71 روپے کی کمی سے600 روپے کی سطح پر آگئی ہے۔ آل سندھ صراف ایسوسی ایشن کے سربراہ حاجی ہارون رشید چاند نے ’’ایکسپریس‘‘ کو بتایا کہ عالمی سطح پر قیمتوں میں کمی اور مقامی صرافہ مارکیٹوں میں محرم الحرام کی وجہ سے خالص سونے کی ڈیمانڈ ختم ہونے کی وجہ سے مقامی بلین مارکیٹ بھی بحران کی لپیٹ میں آگئی ہے کیونکہ خالص سونے اور چاندی کی قیمتوں میں اچانک بڑی نوعیت کی کمی کی وجہ سے سونے کے بڑے بیوپاری کروڑوں روپے مالیت کے خسارے سے دوچار ہوچکے ہیں تاہم امکان ہے کہ مقامی صرافہ مارکیٹوں میں 10 نومبر کے بعد دوبارہ خالص سونے کی ڈیمانڈ بڑھے گی جس کے نتیجے میں سونے کی قیمت میں بھی بتدریج استحکام پیدا ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔