ملک بھرمیں ساتویں محرم الحرام کے جلوس مقررہ راستوں سے ہوتے ہوئے اختتام پذیر ہوگئے

ویب ڈیسک  ہفتہ 1 نومبر 2014
ساتویں محرم الحرام کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ ذوالجناح، علم اور تعزیوں کے سیکڑوں جلوس نکالے گئے. فوٹو؛فائل

ساتویں محرم الحرام کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ ذوالجناح، علم اور تعزیوں کے سیکڑوں جلوس نکالے گئے. فوٹو؛فائل

لاہور/ کوئٹہ / پشاور: ملک بھرمیں ساتویں محرم الحرام کے جلوس نکالے گئے جن میں ہزاروں عزداروں نے شرکت کی جبکہ اس موقع پرسیکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کئےگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ساتویں محرم الحرام کے سلسلے میں ملک کے چھوٹے بڑے شہروں میں شبیہ ذوالجناح، علم اور تعزیوں کے سیکڑوں جلوس نکالے گئے، جھنگ میں ساتویں محرم کا شبیہ علم اور ذوالجناح کا مرکزی جلوس صبح پانچ بجے برآمد ہوا جس میں ہزاروں مرد اور خواتین عزادار شریک ہوئے۔ جلوس اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ قدیمی پہنچ کر اختتام پذیر ہوا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ساتویں محرم کے جلوس سے پہلے بم ڈسپوزل اسکواڈ نے روٹ کا معائنہ کیا۔ جلوس میں شامل عزاداروں نے نوحہ خوانی کے علاوہ سینہ کوبی اور زنجیر زنی  بھی کی ۔

کوئٹہ میں ساتویں محرم الحرام کا مرکزی جلوس امام بارگاہ کلاں سے برآمد ہوا۔ جلوس کے شرکا انتہائی سخت سیکیورٹی میں امام بارگاہ ناصر العزاء پہنچے جہاں مجالس کا اہتمام کیا گیا ۔ پشاور میں ساتویں محرم کا مرکزی جلوس امام بارگاہ عالم شاہ سے برآمد ہوا، جلوس مقررہ روٹ سے گذرنے کے بعد واپس امام بارگاہ عالم شاہ میں ہی ختم ہو گیا۔ جلوس کے دوران اندرون شہر کے تمام بازار بند رکھے گئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔