پاکستانی طالبعلم کا اے لیول میں 30 اے لیکر عالمی ریکارڈ

ضیغم نقوی  جمعرات 13 نومبر 2014

اسلام آباد: پاکستانی طالبعلم ہارون طارق نے کیمبرج یونیورسٹی کے اے لیول امتحانات میں 30 اے حاصل کرکے عالمی ریکارڈ قائم کر دیا، ہارون نے علی معین نوازش کا ریکارڈ بھی توڑ دیا ہے۔

کوہاٹ کے رہائشی طالبعلم ہارون طارق نے اے لیول میں تیس اے حاصل کرکے ناصرف عالمی ریکارڈ قائم کیا بلکہ عالمی امتحان میں 87اے گریڈ حاصل کرکے 6ورلڈ ریکارڈ قائم کر دئیے، ہارون طارق نے او لیول میں 28، اے لیول میں 30،آئی جی سی ایس ای میں 29،اے پلس میں 30اور کیمبرج میں 57اے حاصل کرکے 6ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں، اس سے پہلے ایک اور پاکستانی طالب علم علی معین نوازش کا 21 اے حاصل کرنے کا ریکارڈ تھا جو ہارون طارق نے 30 اے حاصل کرکے توڑ دیا۔

ایکسپریس سے گفتگو کرتے ہوئے ہارون طارق نے اس عزم کا اظہار کیا ہے کہ اعلی تعلیم حاصل کرنے بیرون ملک جائیں گے مگرخواہش ہے کہ اپنے ملک کے تعلیمی نظام میں بہتری کیلئے خدمات سرانجام دوں، ہارون طارق کا کہنا ہے کہ اتنی بڑی کامیابی حاصل کرنے میں ایک دن بھی ٹیوشن نہیں پڑھی بلکہ ٹیوشن پڑھا کرتعلیمی اخراجات پورے کیے۔ ہارون طارق نے مطالبہ کیا ہے کہ ملک میں تعلیم کی شرح میں اضافے کیلئے بجٹ میں خاطرخواہ اضافہ کیساتھ طبقاتی نظام تعلیم کے خاتمہ بھی ضروری ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔