مٹھی میں غذائی قلت کے شکار مزید 5 بچے چل بسے، رواں ماہ تعداد 95 ہوگئی

ویب ڈیسک  جمعرات 27 نومبر 2014
حکومتی نااہلی کے باعث 58 روز کے دوران 123 بچے موت کی آغوش میں پہنچ چکے ہیں۔ فوٹو؛فائل

حکومتی نااہلی کے باعث 58 روز کے دوران 123 بچے موت کی آغوش میں پہنچ چکے ہیں۔ فوٹو؛فائل

تھرپارکر: تحصیل مٹھی میں غذائی قلت کے شکار آج مزید 5 بچے دم توڑ گئے جس کے بعد رواں ماہ ہلاکتوں کی تعداد 95 ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق مٹھی کے اسپتال ننگرپارکر میں 5 ماہ  اور ایک تین ماہ  کا بچہ دوران علاج دم توڑگیا جب کہ تحصیل اسپتال اسلام کوٹ میں بھی ایک بچہ چل بسا جبکہ کلوئی میں 2 نومولود دم توڑ گئے جس کے بعد آج ہلاکتوں کی تعداد 5 ہوگئی۔ رواں ماہ ضلع تھرپارکر میں قحط سالی کے باعث ہلاکتوں کی تعداد 95 ہوگئی جبکہ گزشتہ 58 روز سے جاری ہلاکتوں کے سلسلے کو روکا نہیں جاسکا اور حکومتی نااہلی کے باعث 123 بچے موت کی آغوش میں پہنچ چکے ہیں۔

واضح رہے کہ ضلع تھرپارکر میں غذائی قلت کے باعث ہلاکتوں پر سندھ ہائیکورٹ نے نوٹس لے رکھا ہے اور گزشتہ روز سماعت کے دوران سیشن کورٹ عمرکوٹ نے تحقیقاتی رپورٹ میں انکشاف کیا کہ تھر میں لوگوں کو پینے کا صاف پانی تک دستیاب نہیں جب کہ ضلع بھر میں 200 ڈاکٹروں کی بھرتی کی گنجائش ہے جو کہ صوبائی حکومت کی جانب سے نہیں کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔