معذوروں کے عالمی دن پر لاہور میں نابینا افراد وی آئی پی کلچر کی بھینٹ چڑھ گئے

ویب ڈیسک  بدھ 3 دسمبر 2014
پولیس کی جانب سے وی آئی پی لوگوں کی  موومنٹ  کے لئے سڑک صاف کرنے کے لئے نابینا افراد کو سڑک پر گھسیٹا گیا۔ فوٹو؛ این این آئی

پولیس کی جانب سے وی آئی پی لوگوں کی موومنٹ کے لئے سڑک صاف کرنے کے لئے نابینا افراد کو سڑک پر گھسیٹا گیا۔ فوٹو؛ این این آئی

لاہور: پنجاب پولیس نے تشدد کی ایک اور مثال قائم کردی اور وی آئی پیز موومنٹ کو پروٹوکول دینے کے لئے نابینا افراد کی احتجاجی ریلی پر چڑھ دوڑی ۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نابینا افراد کی جانب سے سرکاری ملازمتوں میں معذوروں کے کوٹے پر عملدرآمد نہ ہونے کے خلاف مال روڈ پر احتجاجی ریلی نکالی جارہی تھی اور اسی سڑک سے وی آئی پی موومنٹ ہونا تھی تاہم پولیس نے وی آئی پی موومنٹ  کے باعث  سڑک سے نابینا افراد کو ہٹانے کے لئے نہ صرف انہیں تشدد کا نشانہ بنا یا بلکہ سڑکوں پربھی بری طرح گھسیٹا۔

دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نابینا افراد کو تشدد کا نشانہ بنانے کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تشدد کرنے والے اہلکاروں کو فوری طور پرمعطل کرنے کے احکامات جاری کرکے واقعے کی تحقیقات کا حکم  دے دیا ہے۔

ڈی آئی جی آپریشن حیدراشرف نے ایکسپریس نیوز سے بات کرتے ہوئے کہا کہ پولیس کو کسی بھی صورت تشدد کا نہیں کہا تاہم نابینا افراد پر تشدد کرنے والے 5 اہلکاروں کو معطل کیا جاچکا ہے اور تحقیقات کے بعد ذمہ داروں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔ڈی سی او لاہور نابینا افراد کا احتجاج ختم کرانے خود ان کے پاس گئے اور انہیں مطالبات کی منظوری کی یقین دہانی کرائی جس پر نابینا افراد نے مال روڈ سے دھرنا ختم کرنے کا اعلان کردیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔