پاکستان روایتی حریف بھارت کو چاروں شانے چت کرکے ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 13 دسمبر 2014
چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کل جرمنی سے ہوگا۔  فوٹو: اے ایف پی

چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پاکستان کا مقابلہ کل جرمنی سے ہوگا۔ فوٹو: اے ایف پی

بھوبنیشور: ہاکی چیمپئنز ٹرافی کے دوسرے سیمی فائنل میں پاکستان انتہائی دلچسپ مقابلے کے بعد روایتی حریف بھارت کو 3 کے مقابلے میں 4 گول سے شکست دے کر 16 سال بعد چیمپئنز ٹرافی کے فائنل میں پہنچ گیا۔

بھارتی شہر بھوبنیشور میں کھیلے گئے انتہائی دلچسپ مقابلے میں بھارت کے گرجندر سنگھ نے 12ویں منٹ میں پہلا گول کرکے ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی تاہم پاکستان کے محمد ارسلان قادر نے بھی 17ویں منٹ میں گول کرکے مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر کردیا، میچ کے 32ویں منٹ میں پاکستان کے محمد وقاص نے دوسرا گول کرکے گرین شرٹس کو ایک گول کی برتری دلادی جسے بھارت کے دھرم ویر سنگھ نے 38ویں منٹ میں برابر کردیا۔

پاکستان کی جانب سے تیسرا گول محمد عرفان نے 44ویں منٹ میں کیا لیکن بھارتی کھلاڑیوں نے پاکستان کی یہ برتری زیادہ دیر قائم نہ رہنے دی اور چند ہی منٹوں بعد تیسرا گول کرکے میچ کو ایک بار پھر دلچسپ بنادیا تاہم پاکستانی کھلاڑیوں نے بھی اپنے حوصلے بلند رکھے اور 69ویں منٹ میں ارسلان قادر نے پاکستان کی جانب سے چوتھا اور اپنا دوسرا گول کرکے بھارتی سرزمین پر سبز ہلالی پرچم لہرادیا، ارسلان قادر کو شاندار کھیل کی بدولت 2 گول کرنے پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

بھارت کے خلاف تاریخی فتح حاصل کرکے پاکستانی کھلاڑی خدا کے حضور سجدہ شکر بجا لائے جبکہ قومی ٹیم کی جیت کے بعد بھارتی کھلاڑی اور شائقین کے رنگ اڑ گئے اور اسٹیڈیم میں سناٹا چھا گیا۔ دوسری جانب صدر مملکت ممنون حسین، وزیر اعظم نواز شریف اور ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سمیت دیگر سیاسی رہنماؤں نے بھی بھارت کے خلاف شاندار کامیابی پر قومی ٹیم کو مبارکباد دی ہے۔

اس سے قبل پہلے سیمی فائنل میں جرمنی نے دفاعی چیمپئن آسٹریلیا کو 2 کے مقابلے میں 3 گول سے ہرا کر فائنل میں رسائی حاصل کرلی جو کل کھیلا جائے گا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔