بھارت نے دلچسپ مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے کر کبڈی ورلڈکپ اپنے نام کرلیا

ویب ڈیسک  ہفتہ 20 دسمبر 2014
بھارت نے فائنل مقابلہ 42 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے اپنے نام کیا۔  فوٹو: فائل

بھارت نے فائنل مقابلہ 42 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے اپنے نام کیا۔ فوٹو: فائل

امرتسر: کبڈی ورلڈ کپ کے فائنل میں بھارت نے پاکستان کو 42 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کرلیا جبکہ پاکستانی کپتان کا کہنا ہے کہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی اور جانبدارانہ امپائرنگ کرکے ہمیں جان بوجھ کر ہرایا گیا۔

بھارتی پنجاب کے شہر امرتسر میں کھیلے گئے فائنل میں قومی پہلوانوں نے عمدہ کھیل کا مظاہرہ کیا جس کے باعث پاکستان کو تیسرے کوارٹر تک برتری حاصل تھی لیکن بھارتی ٹیم نے چوتھے کوارٹر کے آخری لمحات میں 3 پوائنٹس کی برتری حاصل کرلی اور یوں بھارت نے فائنل انتہائی سنسنی خیز مقابلے کے بعد 42 کے مقابلے میں 45 پوائنٹس سے جیت لیا۔

میچ کے بعد پاکستانی کپتان شفیق چشتی نے کہا کہ ہمارے ساتھ ناانصافی ہوئی اور جانبدارانہ امپائرنگ کرکے ہمیں جان بوجھ کر ہرایا گیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو جتوانے کے لئے میچ وقت سے پہلے ختم کردیا گیا، میچ کے دوران ہمیں پینے کے لئے پانی بھی نہیں دیا اور بھارتی ٹیم کو جتوانے کے لئے امپائرز نے پاکستانی کھلاڑیوں کو پوائنٹ نہ دینے کی دھمکیاں دیں جبکہ تھرڈ امپائر کی جانب سے بھی دھمکیاں دی گئیں۔ شفیق چشتی کا کہنا تھا کہ بھارت اپنی ٹیم کو جتوانے کے لئے ایونٹ کراتا ہے اور جانبدارانہ فیصلے ہوئے تو آئندہ کبھی بھارت نہیں آئیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔