دشمن ہمیں کمزور کرکے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا چاہتا ہے، صدر ممنون حسین

ویب ڈیسک  پير 22 دسمبر 2014
دہشت گردی کے واقعات پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازش کا حصہ ہیں، صدر ممنون حسین،
فوٹو: فائل

دہشت گردی کے واقعات پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازش کا حصہ ہیں، صدر ممنون حسین، فوٹو: فائل

اسلام آباد: صدر مملکت ممنون حسین کا کہنا ہےکہ دشمن ہمیں کمزور کرکے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا چاہتے ہیں لہٰذا دہشت گردی کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا۔

ایوان صدر میں کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر  ممنون حسین نے کہا کہ سانحہ پشاور کے بعد قومی قیادت کی سیاسی پختگی حوصلہ افزا ہے اور اس وقت ہمیں چیلنجز سے نمٹنے کے لیے رنگ ونسل، ذات پات، مذیب اور فرقے کو بالائے طاق رکھ کر قومی یکجہتی کی ضرورت ہے کیونکہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے اور ہم اپنے دشمن سے لڑرہے ہیں۔

صدر مملکت کا کہنا تھا کہ دشمن ہمیں کمزور کرکے ملک میں افراتفری اور انتشار پھیلانا چاہتا ہے لہٰذا ملک سے دہشت گردی کے ناسور کے خاتمے کے لیے تمام طبقات کو مل کر کام کرنا ہوگا، دہشت گردی کے واقعات پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹیں ڈالنے کی سازش کا حصہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے دشمنوں نے ہمیشہ باہمی اختلافات سے فائدہ اٹھانے کی کوشش کی اور ہمیں ایک دوسرے کے خلاف کھڑا کرنے کا کوئی موقع نہیں چھوڑا جب کہ سانحہ پشاور اس بات کی یاد دہانی ہے کہ ہمیں عسکریت پسندوں اور انتہا پسندوں سے شدید خطرات لاحق ہیں۔ ایوان صدر میں کرسمس کی تقریب کے آغاز پر شہدائے پشاور کی یاد میں ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔