دہشتگردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کے لئے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل

ویب ڈیسک  ہفتہ 27 دسمبر 2014
ذیلی کمیٹیوں میں وفاقی وزرا کے علاوہ اعلیٰ ترین سول اور عسکری حکام بھی شامل ہیں، فوٹو: پی آئی ڈی

ذیلی کمیٹیوں میں وفاقی وزرا کے علاوہ اعلیٰ ترین سول اور عسکری حکام بھی شامل ہیں، فوٹو: پی آئی ڈی

اسلام آباد: وزیر اعظم نواز شریف نے دہشتگردی کے خلاف قومی ایکشن پلان پرعملدرآمد کے لئے مختلف ورکنگ گروپس تشکیل دے دیئے ہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نواز شریف نے دہشتگردی پر قابو پانے کے لئے انسداد دہشتگردی فورس کے قیام، مسلح جتھوں کے خاتمے، اشتعال انگیز مواد اورتقاریر کے خاتمے ، دہشت گردوں کی مالی معاونت روکنے اور میڈیا پر دہشت گردوں کے ایجنڈے کو روکنے کے لئے الگ الگ ذیلی کمیٹیاں تشکیل دے دی ہیں۔

مسلح جتھوں سے نمٹنے کے لئے وزیرداخلہ کی قیادت میں 7 رکنی کمیٹی قائم کی گئی ہے جس میں ڈی جی آئی ایس آئی اور ڈی جی آئی بی بھی شامل ہیں، اشتعال انگیز مواد اور تصاویر پر قابو پانے کے لئے 10 رکنی کمیٹی میں وفاقی وزرا سردار یوسف، احسن اقبال اور پرویز رشید کے علاوہ ڈی جی آئی ایس آئی بھی شامل ہیں، اس کمیٹی کی سربراہی بھی وفاقی وزیر داخلہ کریں گے۔ اس کے علاوہ انسداد دہشتگردی فورس کے قیام اور کالعدم تنظیموں کو کام کرنے سے روکنےکےلئے قائم کمیٹیوں کی سربراہی بھی وفاقی وزیر داخلہ کریں گے۔

دہشت گردوں کی مالی معاونت ختم روکنے کے لئے وفاقی وزیرخزانہ اسحاق ڈار کی سربراہی میں 7 رکنی ورکنگ گروپ قائم کیا گیا ہے جس میں گورنر اسٹیٹ بینک، ڈی جی آئی ایس آئی، وفاقی سیکرٹری داخلہ و خزانہ، چیرمین ایف بی آر اور ڈی جی ایف آئی اے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ الیکٹرانک اور پرنٹ میڈیا پر دہشت گردوں کے ایجنڈے کی نشر و اشاعت کو روکنے کےلئے وفاقی وزیر اطلاعات پرویز رشید کی سربراہی میں کمیٹی  قائم کی گئی ہے۔ فوجداری اصلاحات کے لئے وزیرقانون کی سربراہی میں ورکنگ گروپ بنایا گیا ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔