مذہبی جذبات مجروح کرنے پر عامر خان کے خلاف مقدمہ درج

ویب ڈیسک  جمعـء 2 جنوری 2015
عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ کو ریلیز کے بعد سے ہی مشکلات کا سامنا ہے اور انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے فلم کے خلاف مظاہرے جاری ہیں  فوٹو: فائل

عامر خان کی فلم ’’پی کے‘‘ کو ریلیز کے بعد سے ہی مشکلات کا سامنا ہے اور انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے فلم کے خلاف مظاہرے جاری ہیں فوٹو: فائل

ممبئی: بھارتی باکس آفس پر بزنس میں تمام فلموں کو پیچھے چھوڑنے والی فلم ’’پی کے‘‘ کے ہیرو عامر خان اور ڈائریکٹر و پروڈیوسر راجکمار ہیرانی کے خلاف مقدمہ درج کرادیا گیا۔

بھارتی میڈیا کے مطابق فلم ’’پی کے‘‘ میں اداکاری کے جوہر دکھانے والے عامر خان اور ڈائریکٹر و پروڈیوسر راجکمار ہیرانی کے خلاف مقدمہ جے پورے کے بجاج نگر تھانے میں ایک شہری کی مدعیت میں درج کیا گیا جس میں اس نے مؤقف اختیار کیا کہ  فلم میں بھارتی قانون کی خلاف ورزی کرتے ہوئے جان بوجھ کر  مذہبی جذبات بھڑکائے گئے اور مختلف مذاہب کے ماننے والوں کے درمیان دشمنی کو ہوا دی گئی  اس لئے عامر خان اور راجکمار ہیرانی کے خلاف کارروائی کی جائے۔

دوسری جانب عامر خان کی  بلاک بسٹر فلم ’’ پی کے‘‘ بھارتی باکس آفس پر بزنس میں تمام فلموں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے  13 دنوں میں 263 کروڑ روپے کما چکی ہے۔ اس سے قبل بھارتی سنیماؤں میں سب سے زیادہ بزنس کرنے والی عامر خان کی ہی فلم  ’’دھوم تھری‘‘ تھی جس نے 261 کروڑ روپے کمائے جب کہ سلمان خان کی ’’کک‘‘ نے 212 کروڑ، شاہ رخ خان کی ’’چنائی ایکسپریس‘‘ نے 208 اور عامر خان کی فلم ’’3 ایڈیٹ‘‘ نے 201 کروڑ روپے کمائے تھے۔

واضح رہے کہ متنازع موضوع پر بننے والی فلم ’’پی کے‘‘ کو ریلیز کے بعد سے ہی مشکلات کا سامنا ہے اور انتہا پسند ہندوؤں کی جانب سے بھارت بھر میں فلم کے خلاف مظاہرے اور توڑ پھوڑ جاری ہے جبکہ اس دوران کئی سینما نذر آتش بھی کئے جاچکے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔