لاہور میں سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر نامعلوم افراد کا ڈنڈوں سے حملہ

ویب ڈیسک  اتوار 4 جنوری 2015
حملہ آوروں نے تقریب کے شرکا پر ڈنڈے برسائے اور سلمان تاثیر کی تصاویر بھی پھاڑ دیں، فوٹو:فائل

حملہ آوروں نے تقریب کے شرکا پر ڈنڈے برسائے اور سلمان تاثیر کی تصاویر بھی پھاڑ دیں، فوٹو:فائل

لاہور: سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی برسی کی تقریب پر نامعلوم افراد نے  حملہ کرکے شرکا پرتشدد بھی کیا۔

ایکسپریس نیوز کےمطابق لاہور میں لبرٹی چوک پر سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کی چوتھی برسی کی تقریب جاری تھی اور شرکا اس موقع پر شمعیں روشن کررہے تھے کہ نامعلوم افراد نے ان پر حملہ کردیا اور شرکا پر تشدد بھی کیا جس کے نتیجے میں شرکا کو تقریب ادھوری چھوڑ کر وہاں سے جانا پڑگیا۔ برسی کی تقریب پر حملہ کرنے والے افراد 4 گاڑیوں اور 4 موٹرسائیکلوں پر سوار تھے جنہوں نے گاڑیاں لبرٹی چوک کے اطراف کھڑی کیں اور وہاں موجود شرکا پر ڈنڈوں سے حملہ کیا جب کہ حملہ آوروں نے لبرٹی چوک پر لگی سابق گورنر سلمان تاثیر کی تصاویر بھی پھاڑی دیں۔

دوسری جانب وفاقی وزیراطلاعات پرویزرشید نے سابق گورنر پنجاب سمان تاثیر کی برسی میں ہنگامہ آرائی کے واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا  کہ ہر کسی کو اپنے پیاروں کی یاد میں خوشی اور غم منانے کا مکمل حق حاصل ہے اور کسی کو بھی قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ ان کا کہنا تھا کہ لاہور واقعے کے ذمہ داروں کو جلد گرفتار کرکے انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا جب کہ  حکومت پنجاب اس طرح کے ناخوشگوار واقعات روکنے کے لئے اقدامات کرے۔

واضح رہے کہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کو جنوری 2011 میں  ان  کے محافظ ممتاز قادری نے فائرنگ کرکے ہلاک کردیا  تھا جسے موقع پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔