ایران کے جوہری پروگرام پرعالمی پابندیاں اوردھمکیاں غیرموثر ہیں، حسن روحانی

ویب ڈیسک  ہفتہ 21 مارچ 2015
عالمی قوتیں سمجھ چکی ہیں کہ دھمکیاں یا پابندیاں عائد کرنے سے ایران کو جھکایا نہیں جاسکتا،ایرانی صدر. فوٹو:فائل

عالمی قوتیں سمجھ چکی ہیں کہ دھمکیاں یا پابندیاں عائد کرنے سے ایران کو جھکایا نہیں جاسکتا،ایرانی صدر. فوٹو:فائل

تہران: ایرانی صدر حسن روحانی کا کہنا ہے کہ عالمی طاقتیں سمجھ چکی ہیں کہ ایران کے جوہری پروگرام پر بات کرنے کا واحد راستہ دھمکیوں یا پابندیوں کا نہیں بلکہ عزت و احترام کا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق ایرانی صدر نے قوم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران نے اپنے جوہری پروگرام کے حق کو مستحکم کرتے ہوئےعالمی پابندیوں کے شکنجے کو توڑدیا ہے، عالمی قوتیں سمجھ چکی ہیں کہ دھمکیاں یا پابندیاں عائد کرنے سے ایران کو جھکایا نہیں جاسکتا اور ایران پر عائد پابندیاں غیر موثر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت تمام پابندیوں کو خاطر میں نہ لاتے ہوئے اپنے عظیم مقاصد کی تکمیل کے لئے آگے بڑھ رہی ہے  اور اب عالمی قوتوں کو سمجھنا ہوگا کہ ایرانی قوم کے ساتھ بصیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے عزت کے ساتھ معاہدہ کیا جائے۔

واضح رہے کہ ایرانی صدر کا بیان ایسے موقع پر سامنے آیا ہے کہ جب امریکا سمیت 6 عالمی طاقتیں ایران کے جوہری پروگرام سے متعلق بات چیت کررہی ہیں اور کسی ممکنہ معاہدے تک پہنچنے کے لیے ان کی مقررکردہ ڈیڈ لائن میں صرف 10 روز باقی رہ گئے ہیں۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔