بھارتی عوام کو پاکستان کے خلاف اکسایا جاتا ہے، نصیر الدین شاہ

ویب ڈیسک  بدھ 25 مارچ 2015
اکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے اس لئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کا رشتہ قائم ہونا چاہئے، نصیر الدین شاہ  فوٹو: ایکسپریس/ فائل

اکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے اس لئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کا رشتہ قائم ہونا چاہئے، نصیر الدین شاہ فوٹو: ایکسپریس/ فائل

ممبئی: بالی ووڈ کے معروف اور سرسٹائل اداکار نصیر الدین شاہ نے کہا ہے کہ پاکستان میں بھارتی فنکاروں کو بہت عزت اور پیار دیا جاتا ہے لیکن بھارت میں پاکستانیوں کو دشمن سمجھنے کے لئے عوام کو اکسایا جاتا ہے۔

بھارتی ویب سائٹ کو انٹرویو کے دوران نصیر الدین شاہ نے کہا کہ پاکستانی فنکاروں کو بھارت میں پرفارم نہ کرنے دیئے جانا بہت افسوس کی بات ہے حالانکہ پاکستان میں بھارتی فنکاروں کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت میں ایک دوسرے کی پرفارمنس کو سراہا جاتا ہے اس لئے دونوں ممالک کے درمیان سیاسی اختلافات کو فنکاروں کی راہ کی رکاوٹ نہیں بنایا جانا چاہئے، بھارتی عوام کا اس طرح برین واش کیا جاتا ہے کہ وہ تاریخ جانے بغیر پاکستان کو اپنا دشمن ماننے لگتے ہیں۔

نصیر الدین شاہ کا کہنا تھا کہ بھارتی عوام کو کسی کے بھی بہکاوے میں آئے بغیر کھلے ذہن سے آگے کی جانب دیکھنا چاہئے کیونکہ پاکستان اور وہاں کے لوگوں کے لئے اپنے دلوں میں نفرت پال کر ہمیں کچھ حاصل نہیں ہوگا، پاکستان ہمارا پڑوسی ملک ہے اس لئے دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کا رشتہ قائم ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں بھارتی فنکاروں کو بے تحاشا محبت اور عزت دی جاتی ہے اور دونوں ممالک کے درمیان دوریاں اسی وقت کم ہوں گی جب بھارتی فنکار پاکستان جاکر وہاں کے لئے لوگوں سے میل جول بڑھائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔