کرکٹ کی دنیا کے نئے حکمران کا فیصلہ آج ہوگا

ویب ڈیسک  اتوار 29 مارچ 2015
نیوزی لینڈ نے ورلڈ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم پانچویں بار ورلڈ چیمپئن بننے کی خواہش لئے میدان میں اترے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

نیوزی لینڈ نے ورلڈ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے جبکہ آسٹریلوی ٹیم پانچویں بار ورلڈ چیمپئن بننے کی خواہش لئے میدان میں اترے گی۔ فوٹو: اے ایف پی

میلبورن: آئی سی سی ورلڈ کپ کا فائنل میچ میزبان ملک آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے درمیان آج کھیلا جائے گا۔

میگا ایونٹ میں  فائنل تک رسائی حاصل کرنے والی دونوں مضبوط ٹیمیں میلبرن کرکٹ گراؤنڈ میں پاکستانی وقت کے مطابق صبح ساڑھے 8 بجے مدمقابل ہوں گی۔ نیوزی لینڈ نے ورلڈ کی تاریخ میں پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اس لئے وہ ٹائٹل اپنے نام کرنے کے لئے بھی ایڑی چوٹی کا زور لگانے کے لئے بے تاب ہے، کیوز ٹیم کے پاس بیٹنگ کے شعبے میں کپتان برینڈن میکیولم، مارٹن گپٹل، راس ٹیلر، گرانٹ ایلیٹ اور کورے اینڈرسن جیسے جارح مزاج بلے باز موجود ہیں کو آسٹریلیا کے لئے خطرناک ثابت ہوسکتے ہیں جب کہ بولنگ کے شعبے میں موجودہ ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ وکٹیں حاصل کرنے والے ٹرینٹ بولٹ، ٹم ساؤتھی اور ڈینئل ویٹوری پر نیوزی لینڈ کا زیادہ انحصار ہے۔

دوسری جانب آسٹریلیا بھی پانچویں بار ورلڈ چیمپئن بننے کی خواہش لے کر کیویز پر پوری طاقت سے جھپٹے گا اور اگر میگا ایونٹ میں شاندار کارکردگی دکھانے والے اسٹیون اسمتھ، گلین میکسویل اور شین واٹسن کا بیٹ چل گیا تو وہ کیوی بولروں کی ناک میں دم کرسکتے ہیں جب کہ تیز رفتار گیند باز مچل اسٹارک، مچل جانسن اور جوش ہیزل ووڈ کیویز کی مضبوط بیٹنگ لائن کو بھی اکھاڑنے کی بھرپور صلاحیت رکھتے ہیں۔

واضح رہے کہ پہلے سیمی فائنل میں نیوزی لینڈ نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد جنوبی افریقا کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی جب کہ دوسرے سیمی فائنل میں آسٹریلیا نے بھارت کو 95 رنز سے شکست دے کر اس کا غرور خاک میں ملایا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔