لاہور میں سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کے بیٹے کی فائرنگ سے نوعمر لڑکا جاں بحق

ویب ڈیسک  جمعرات 2 اپريل 2015
ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ڈی آئی جی آپریشن، فوٹو:فائل

ملزم کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے، ڈی آئی جی آپریشن، فوٹو:فائل

لاہور: کیولری گراؤنڈ کے قریب سابق وزیر مملکت صدیق کانجو کے صاحبزادے کی فائرنگ سے نوعمر لڑکا جاں بحق اور ایک راہ گیر زخمی ہوگیا جب کہ پولیس نے ملزم کے 7 سکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے کیولری گراؤنڈ کے قریب دو گاڑیوں میں تصادم ہوا جس کے بعد کار سوار نوجوان نے فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں موٹرسائیکل سوار نوعمر لڑکا اور ایک راہ گیر شدید زخمی ہوگئے جنہیں فوری طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کیا گیا جہاں لڑکا زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا تاہم دوسرے زخمی شخص کی حالت خطرے سےباہر بتائی جاتی ہے۔

پولیس کے مطابق فائرنگ کرنے والا کار سوار نوجوان سابق وزیر مملکت برائے خارجہ امور صدیق کانجو کا صاحبزادہ مصطفیٰ کانجو ہے جو واقعے کے بعد موقع سے فرار ہوگیا تاہم ملزم کے 7 سکیورٹی گارڈز کو حراست میں لے لیا گیا ہے جب کہ فائرنگ کے لیے استعمال ہونے والی پستول بھی برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس کا کہنا ہےکہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے نوجوان کی شناخت 13 سالہ زین کی نام سے ہوئی جو آٹھویں جماعت کا طالب علم ،2 بہنوں کا اکلوتا بھائی اور بیوہ کا بیٹا تھا۔

ڈی آئی جی آپریشن حیدر اشرف کا کہناہے کہ ملزم کے خلاف مقدمہ درج کیا جارہا ہے جس میں سر عام فائرنگ کرنے پر دہشت گردی ایکٹ کی دفعات بھی شامل کی جائیں گے۔ پولیس کے مطابق ملزم مبینہ طور پر نشے کی حالت میں تھا اس کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی گئی ہے جب کہ ملزم کا فون ریکارڈ بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے جس کے ذریعے اس کے فون کو ٹریک کیا جارہا ہے۔

 

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔