پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت کے ذمہ چوہدری نثار اور پرویز رشید ہیں، خورشید شاہ

ویب ڈیسک  منگل 2 فروری 2016
 ماڈل ٹاؤن لاہور کے مقتولین کی طرح پی آئی اے ملازمین کے قتل کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے، قائد حزب اختلاف، فوٹو؛ فائل

ماڈل ٹاؤن لاہور کے مقتولین کی طرح پی آئی اے ملازمین کے قتل کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے، قائد حزب اختلاف، فوٹو؛ فائل

 اسلام آباد: خورشید شاہ نے کہا کہ اب ہم ماڈل ٹاؤن لاہور کے مقتولین کی طرح پی آئی اے ملازمین کے قتل کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے جب کہ کراچی میں پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت کے ذمہ دار وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید ہیں۔

اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے کہا کہ قومی ائیرلائن کے ملازمین کا احتجاج ان کا حق تھا لیکن حکومت کی جانب سے ان پر تشدد نے ضیاالحق کے آمریت کے دور کی یاد تازہ کردی۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے حکومت سے درخواست کی تھی کہ ملازمین کو 9 ماہ کا وقت دیا جائے لیکن ایک غلط طریقے سے بل لایا گیا اور ہمیں اعتماد بھی نہیں لیا گیا، ملکی تاریخ میں پہلی بار کسی جمہوری حکومت میں لازمی ایکٹ نافذ کیا گیا جب کہ ضیاالحق نے جب یہ ایکٹ لگایا تھا تو انٹرنیشنل لیبر آرگنائزیشن نے پاکستان کی رکنیت منسوخ کردی تھی، پی آئی اے میں لازمی خدمات ایکٹ ڈکٹیٹر لگاتے ہیں اب بھی خدشہ ہے کہ آئی ایل او رکنیت منسوخ کردے گا ۔

خورشید شاہ نے کہا کہ اب ہم ماڈل ٹاؤن لاہور کے مقتولین کی طرح پی آئی اے ملازمین کے قتل کو رائیگاں نہیں ہونے دیں گے جب کہ کراچی میں پی آئی اے ملازمین کی ہلاکت کے ذمہ دار وزیر داخلہ چوہدری نثار اور وزیر اطلاعات پرویز رشید ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ سے متعلق سوال کے جواب میں خورشید شاہ کا کہنا تھا کہ وزرا جس طرح کی زبان استعمال کررہے ہیں وہ انہیں عوامی نمائندہ ہونے کے ناطے زیب نہیں دیتی لہٰذا چوہدری نثار ، پی آئی اے اور دیگر معاملات پراسمبلی میں بات ہوگی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔