وزیر اعظم کا امجد صابری کے خاندان کیلیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان

ویب ڈیسک  جمعرات 23 جون 2016
وفاقی حکومت امجد صابری کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی اٹھائے گی، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

وفاقی حکومت امجد صابری کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی اٹھائے گی، وزیراعظم نوازشریف، فوٹو؛ فائل

لندن: وزیر اعظم نواز شریف نے امجد صابری کے خاندان کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے ان کا قتل ملک کے لیے نقصان قرار دیا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم نوازشریف نے امجد صابری کے خاندان کے لیے ایک کروڑ روپے امداد کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ امجد صابری کا قتل پوری قوم کا نقصان ہے، وہ ایک سچے عاشق رسولؐ تھے، انہوں نے پوری دنیا میں امن و محبت اور برداشت کا بے مثال پرچار کیا۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت امجد صابری کے بچوں کے تعلیمی اخراجات بھی اٹھائے گی۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کی عوام امجد صابری سے محبت کرتے ہیں جب کہ قوم انہیں پاکستان کے خیر سگالی سفیر کے طور پر ہمیشہ یاد رکھے گی۔

واضح رہے کہ امجد صابری کو گزشتہ روز کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں مسلح افراد نے فائرنگ کا نشانہ بنایا جس میں وہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جب کہ ان کی تدفین پاپوش نگر قبرستان میں کی گئی۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔