عبدالستار ایدھی کا آپریشن پیر کو ہوگا

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2016
ایدھی کی بہتر طبیعت ہونے پر ان كا ڈائیلیسز ہفتے میں 3 کے بجائے اب 2 مرتبہ ہوتا ہے۔ فوٹو:فائل

ایدھی کی بہتر طبیعت ہونے پر ان كا ڈائیلیسز ہفتے میں 3 کے بجائے اب 2 مرتبہ ہوتا ہے۔ فوٹو:فائل

 کراچی: سندھ انسٹی ٹیوٹ آف یورو لوجی اینڈ ٹرانسپلانٹ میں زیر علاج عبدالستار ایدھی کا پیر کے روز آپریشن ہوگا تاہم ان کے صاحبزادے فیصل ایدھی نے اسے معمولی نوعیت کی سرجری قرار دیا ہے۔ 

کراچی میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے ملک کی سب سے بڑی غیر سرکاری فلاحی تنظیم ایدھی فاؤنڈیشن کے سربراہ عبدالستار ایدھی کے بیٹے فیصل ایدھی نے کہا کہ ان کے والد مکمل طورپر ٹھیک تونہیں ہوئے لیکن اب ان کی طبیعت پہلے سے بہتر ہے۔ کچھ عرصہ قبل وہ ہفتے میں 3 مرتبہ ڈائیلیسز كے عمل سے گزر رہے تھے لیکن اب بہتر طبیعت ہونے پر ان كا ڈائیلسز ہفتے میں 2 مرتبہ ہوتا ہے۔

فیصل ایدھی کا کہنا ہے کہ پیر کی صبح ایس آئی یو ٹی کے ماہرین ان کا چھوٹا سا آپریشن کریں گے اور اس دوران ڈائلیسز کے لئے لگایا گیا کیتھیڈرل تبدیل کیا جائے گا۔

واضح ر ہے کہ عبدالستار ایدھی کے دونوں گردے ناکارہ ہوچکے ہیں ، انہیں آصف علی زرداری اور بحریہ ٹاؤن کے مالک بیرون ملک علاج کرانے کی پیشکش کرچکے ہیں لیکن انہوں نے معذرت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنا علاج ملک کے سرکاری اسپتال سے ہی کرائیں گے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔