دہشت گردوں کے ہمدرد اور مالی مدد کرنے والوں کا گٹھ جوڑ ہر قیمت توڑا جائے گا، سربراہ پاک فوج

ویب ڈیسک  اتوار 26 جون 2016
شہر قائد کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرکے دم لیں گے جب کہ دہشت گرد اپنی بقا کے لیےآسان اہداف کو نشانہ بنا رہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، فوٹو؛ فائل

شہر قائد کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرکے دم لیں گے جب کہ دہشت گرد اپنی بقا کے لیےآسان اہداف کو نشانہ بنا رہے، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، فوٹو؛ فائل

 کراچی: آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا کہنا ہے کہ شہر قائد کو دہشت گردوں اور مجرموں سے پاک کرکے دم لیں گے جب کہ دہشت گرد اپنی بقا کے لیےآسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لہذا دہشت گردوں کے ہمدرد اور مالی مدد کرنے والوں کا گٹھ جوڑ ہر قیمت پرتوڑا جائے گا۔ 

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کورہیڈ کوارٹرز کراچی میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی زیر صدارت امن وامان سے متعلق اہم اجلاس ہوا جس میں وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار، مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ،گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد، وزیراعلیٰ  سید قائم علی شاہ، ، صوبائی وزیرداخلہ سہیل انور سیال، ڈی جی آئی ایس آئی رضوان اختر، کورکمانڈر کراچی لیفٹننٹ جنرل نوید مختار، ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلال اختر اور آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ سمیت دیگر نے شرکت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ دہشت گردوں، سہولت کاروں، ان کے ہمدردوں اور مالی معاونین کے نیٹ ورک کو ہر قیمت پر توڑیں گے۔  ترجمان پاک فوج کے مطابق آرمی چیف نے تمام متعلقہ اداروں کو دہشت گردوں کے منصوبوں کے خلاف پیشگی حکمت عملی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ کراچی آپریشن سے دہشت گردوں اوران کے ساتھیوں کو کاری ضرب لگائی گئی جس سے امن وامان کی صورتحال میں واضح بہتری آئی۔ انہوں نے کہا کہ آپریشن سے دہشت گرد تنہا ہورہے ہیں جب کہ اپنی بقا کے لیےآسان اہداف کو نشانہ بنا رہے ہیں لہذا دہشت گردوں کے خاتمے کے لیے ہرممکن اقدامات کیے جائیں اور امن کے لیے آپریشن بغیررکاوٹ جاری رکھا جائے۔

پاک فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کی کوشش ہے کہ معاشرے کو نفسیاتی طور پرنقصان پہنچائیں اس لیے جرائم پیشہ افراد کے معاونین کے خاتمے کے لیے انٹیلی جنس پرتوجہ مرکوز رکھنا ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ افراد اور دہشت گردوں کے نیٹ ورک کے خاتمے میں پیشرفت ہورہی ہے  جب کہ اب تک حاصل کامیابیوں کو ضائع نہ ہونے دیا جائے جب کہ ان کامیابیوں کو برقرار رکھنے کے لیے مشن جاری رکھنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے متفقہ قومی سوچ کی ضرورت ہے۔

آرمی چیف نے کراچی کے عوام کو دہشت گردی کے خاتمے کی یقین دہانی کرواتے ہوئے کہا کہ دہشت گردوں، ہمدردوں اور مالی مدد کرنے والوں کا گٹھ جوڑ ہر قیمت پرتوڑا جائے گا اور کراچی آپریشن ہر حال میں منتقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ اس موقع پرآئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے اجلاس کے شرکا کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ اویس علی شاہ کی بازیابی کے لیے پولیس اور رینجرزکی مشترکہ کوششیں جاری ہیں اور اس معاملے پرانٹیلی جنس اداروں کا بھرپورتعاون حاصل ہے۔

اس سے قبل آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے ڈی جی ملٹری آپریشنز کے ہمراہ رینجرز ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا جہاں ڈی جی رینجرز نے انہیں کراچی میں امن و امان کی صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ ڈی جی رینجرز نے آرمی چیف کو بتایا کہ شہر کا امن خراب کرنے کے لیے سیاسی جماعتیں کالعدم تنظیموں کے ساتھ مل کر کام کر رہی ہیں جب کہ کراچی کے اولڈ سٹی ایریا میں شہریوں کو بھتے کی پرچیاں دی جا رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ اغوا برائے تاوان کی وارداتیں بھی کی جا رہی ہیں تاہم ان واقعات کی روک تھام کے لئے اقدامات کئے جا رہے ہیں اور ملزمان کو بہت جلد گرفتار کر لیا جائے گا جب کہ چیف جسٹس سندھ ہائی کورٹ کے بیٹے اویس شاہ کی بازیابی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔

ڈی جی رینجرز نے آرمی چیف کو معروف قوال امجد صابری کے قتل کے حوالے سے بھی بریفنگ دی جس میں ان کا  کہنا تھا کہ امجد صابری کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں،اس موقع پر آرمی چیف کا کہنا تھا کہ کراچی کا امن بحال کرنے کے لئے رینجرز کا کردار اور خدمات قابل قدر ہیں، شہر میں رینجرز کے آپریشن کے باعث امن و امان بحال ہوا، آپریشن کا مقصد دہشت گردی کے تمام نیٹ ورکس کا خاتمہ ہے۔ انھوں نے کہا کہ کراچی کے حالات خراب کرنے میں ملوث افراد کو پکڑنے میں کوئی کسر نہ چھوڑی جائے، شہر قائد کو دہشت گردوں اور جرائم پیشہ افراد سے پاک کر کے ہی دم لیں گے۔

قبل ازیں آرمی چیف جنرل راحیل شریف  نے کور ہیڈ کوارٹر میں کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل نوید مختار سے بھی ملاقات کی جس میں کراچی میں امن وامان کی صورت حال پرتبادلہ خیال کیا گیا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔