بحرین نے عیدالفطر پر عام معافی کے تحت 82 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا

پاکستان قیدیوں کے رہائی کے معاملے پر بحرین کے اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستانی سفیر جاوید ملک


ویب ڈیسک July 05, 2016
پاکستان قیدیوں کے رہائی کے معاملے پر بحرین کے اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے، پاکستانی سفیر جاوید ملک - فوٹو: فائل ۔

بحرین نے عیدالفطر کے موقع پرعام معافی کے اعلان کے تحت 82 پاکستانی قیدیوں کو رہا کردیا ہے۔

سرکاری خبر رساں ادارے کے مطابق دفتر خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں کہا کہ بحرین کے بادشاہ شاہ حماد بن عیسی الخلیفہ کی طرف سے عیدالفطر کے موقع پر دی گئی شاہی معافی کے تحت 82 پاکستانی قیدیوں کو رہا کیا جارہا ہے۔ ترجمان کے مطابق رہا ہونے والے 82 قیدیوں کو پاکستانی سفارتخانے نے محفوظ مقام پر منتقل کردیا جب کہ ان کی واپسی کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں اور وہ جلد ہی اپنے گھر والوں کے ساتھ ہوں گے۔

دوسری جانب بحرین میں پاکستانی سفیر جاوید ملک نے قیدیوں کی رہائی پر شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔

واضح رہے پاکستانی قیدیوں کی رہائی بحرین میں پاکستانی سفیر جاوید ملک کی کوششوں کا نتیجہ ہے جنہوں نے رواں سال مئی میں بحرین کے شاہ حماد بن عیسیٰ سے ملاقات کی تھی اور بحرین کی متعلقہ انتظامیہ کے ساتھ یہ معاملہ اٹھایا تھا۔

مقبول خبریں