دھرنے میں ٹریننگ ہوئی تھی اصل میچ اب شروع ہوگا عمران خان

چوہدری نثار کو 3 سال حکومت میں رہنے کے بعد بلیک میل کرنے کیلیے پیپلزپارٹی کے اثاثوں کا خیال آیا، چیرمین پی ٹی آئی


ویب ڈیسک July 05, 2016
چوہدری نثار کو 3 سال حکومت میں رہنے کے بعد بلیک میل کرنے کیلیے پیپلزپارٹی کے اثاثوں کا خیال آیا، چیرمین پی ٹی آئی، فوٹو؛ ایکسپریس

KARACHI: چیرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ دھرنے میں تو ٹریننگ ہوئی تھی اصل میچ اب شروع ہونے والا ہے اور اگر میں اپنے مقصد سے ہٹ جاؤں تو عوام کو میرا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔

لاہور میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ چوہدری نثار کو 3 سال حکومت میں رہنے کے بعد اب پاناما پیپرز کے سامنے آنے پر بلیک میل کرنے کے لیے پیپلزپارٹی کے اثاثوں کا خیال آیا جب کہ میں نے دھرنے میں کنٹینر پر کھڑے ہوکر سب کو اثاثے ڈکلیئر کرنے کا کہا تھا۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں تو ٹریننگ ہوئی تھی اصل میچ اب شروع ہونے والا ہے اور اگر میں اپنے مقصد سے ہٹ جاؤں تو عوام کو میرا ساتھ نہیں دینا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ ملک میں بڑے ادارے لوگوں کو پکڑنے کے لیے نہیں بلکہ بچانے کے لیے بنائے گئے ہیں جب کہ نیب کے ہوتے ہوئے کرپشن بڑھ گئی کیوں کہ نیب بڑے چوروں کے بجائے چھوٹے چوروں کو پکڑتی ہے، اب ہماری تحریک سے صحیح نیب بنے گی۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں لیڈرشپ کا فقدان ہے، لیڈرسچ بولتا ہے تو قوم اس کے ساتھ ہوتی ہے جب کہ لیڈر ہونے کے لیے صادق اور امین ہونا ضروری ہے لیکن ہمارے وزیراعظم عوام کا سامنا کرتے ہوئے گھبراتے ہیں اور وہ چھٹیاں، شاپنگ اورعید بھی لندن میں مناتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کے عظیم ترین لیڈر نے فتح مکہ کے بعد لوگوں کو متحد کیا اور لیڈر کا کام ہی لوگوں کو تقسیم کرنے کے بجائے متحد کرنا ہوتا ہے لیکن ماضی میں جاگ پنجابی جاگ کے نعرے لگا کر کراچی کوتقسیم کیا گیا جب کہ ایک لیڈر نے خیبرپختنوخوا کو افغانستان کا حصہ قرار دیا۔

چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ لاہور میں جو میری بہن کے ساتھ ہوا اگر ویسا خیبرپختونخوا میں ہوتا تو انکوائری کرواتا اور بندوقیں تاننے والے پولیس اہلکاروں کو معطل کرتا کیوں کہ ایک شہری پر بندوقیں تان لینا جرم ہے۔ عمران خان نے کہا کہ کرپشن ہمارا سب سے بڑا مسئلہ ہے اور ہم اس کو لیڈ کریں گے۔

مقبول خبریں