میاں صاحب کی پالیسی میں کشمیر نہیں بلکہ مودی کی دوستی ہے بلاول بھٹو زرداری

آزاد کشمیر میں (ن) لیگ روایتی دھونس دھاندلی سے جیتی تومحسوس ہوگا کشمیریوں نے مودی کے یارکو ووٹ دیا، چیرمین پی پی


ویب ڈیسک July 16, 2016
آزاد کشمیر میں (ن) لیگ روایتی دھونس دھاندلی سے جیتی تومحسوس ہوگا کشمیریوں نے مودی کے یارکو ووٹ دیا، چیرمین پی پی، فوٹو : فائل

پیپلزپارٹی کے چیرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ کہ میاں صاحب آپ ہر شعبے میں ناکام ہوچکے جب کہ میاں صاحب کی پالیسی میں کشمیر نہیں بلکہ مودی کی دوستی ہے اور قوم نے تیسری بار حساب مانگا تو وہ بیمار ہوگئے۔

مظفرآباد میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ میاں صاحب ہر شعبے میں ناکام ہوچکے ہیں اسی لیے انہیں ناکام لیگ کہتا ہوں کیونکہ ان میں جرات اور دانشمندی نہیں اور نوازشریف میں خارجہ پالیسی چلانے کی اہلیت بھی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب کو ذاتی مفاد عزیز ہے، وہ عدالتوں کا سامنا کیوں نہیں کرتے، انہیں پہلی بار جب عدالت نے طلب کیا تو انہوں نے حملہ کردیا اور دوسری بار ملک کی اپوزیشن کو دھوکا دے کر بھاگ گئے، قوم نے تیسری بار حساب مانگا تو بیمار ہوگئے۔ بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالی کسی کو نظرنہیں آتی، میاں صاحب کی پالیسی میں کشمیر نہیں بلکہ مودی کی دوستی ہے اور بتایا جائے کہ ان کی زبان پر کتنی بار کشمیر کا نام آیا۔

چیرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ (ن) لیگ کے جھوٹ اور کرپشن کی عادت نے عوام کو دیوار سے لگا دیا جب کہ پانامالیکس کی تحقیقات پر آپ اور آپ کی جماعت شورمچارہی ہے، میاں صاحب بتائیں کہ نام نہاد جلاوطنی کے وقت اسٹیل ملز اور آف شور کمپنی بنانے کا حساب کب دیں گے۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ کشمیر کی تاریخ میں جو بھی بڑے پروجیکٹ بنے وہ پیپلز پارٹی کے دور میں بنے جب کہ (ن) لیگ کی حکومت میں گزشتہ 3 سال میں قرضوں کے تمام ریکارڈ ٹوٹ چکے ہیں اور اس دور میں میٹرو جیسے مہنگے منصوبے کے علاوہ کوئی منصوبہ بھی شروع نہیں کیا گیا۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آزاد کشمیر میں (ن) لیگ روایتی دھونس دھاندلی سے جیتی تومحسوس ہوگا کشمیریوں نے مودی کے یارکو ووٹ دیا اور (ن) لیگ کی حکومت بننے کے بعد بجٹ تخت رائے ونڈ پرخرچ ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ میاں صاحب سفید پوش طبقے سے ٹیکس وصول کرتے ہیں لیکن امیروں سے ٹیکس لینے نہیں دیتے۔

مقبول خبریں