کراچی میں صفائی کی صورتحال؛ وزیراعلیٰ سندھ کو وزیربلدیات نے ’’ماموں‘‘ بناڈالا

ویب ڈیسک  ہفتہ 23 جولائی 2016
وزیر بلدیات نے صفائی کے لئے مزید 6 ماہ کا وقت مانگا تھا لیکن میں نے 2 سے 3 ماہ میں شہر کی تمام سڑکیں اور نالے صاف کرنے کا حکم دیا ہے، قائم علی شاہ : فوٹو : این این آئی

وزیر بلدیات نے صفائی کے لئے مزید 6 ماہ کا وقت مانگا تھا لیکن میں نے 2 سے 3 ماہ میں شہر کی تمام سڑکیں اور نالے صاف کرنے کا حکم دیا ہے، قائم علی شاہ : فوٹو : این این آئی

کراچی: وزیر بلدیات سندھ جام خان شورو نے قائم علی شاہ کی گاڑی خود چلا کر شہر کے پوش علاقوں کا دورہ کرایا اور شہر میں صفائی کی صورت حال پر برہمی کو اطمینان میں بدل دیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ کراچی میں صفائی کی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے اچانک دورے پر نکلے تو وزیر بلدیات جام شورو خان بھی ان کے ہم سفر ہوگئے اور ان کی گاڑی کی ڈرائیونگ سیٹ پر بیٹھ کر خود شہر کے پوش علاقوں کا دورہ کرایا۔ جام خان شورو نے صاف ستھرے اور پوش علاقوں کا دورہ کرا کے وزیر اعلیٰ سندھ کی آنکھوں سے کچرے اور گندگی کے ڈھیر اوجھل کردیئے جس کے بعد وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ بھی مطمئن نظر آئے۔

اپنے دورے کے دوران میڈیا سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ میں اچانک ہی شہر کے دورے پر نکلا تھا جبکہ وزیر بلدیات انہیں راستے میں ملے ۔محکمہ بلدیات نے شہر کی صفائی کا بیڑہ اٹھا لیا ہے اور ابھی اس کی ابتدا ہوئی ہے۔ انہوں نے شہر کی صفائی پر کوئی ڈیڈ لائن نہیں دی تھی  کراچی بہت بڑا شہر ہے اس لئے ابھی صفائی ستھرائی میں وقت لگے گا ۔

قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ وزیر بلدیات نے کراچی کی صفائی کے لئے مزید 6 ماہ کا وقت مانگا تھا لیکن میں نے وقت نہیں دیا اور حکم جاری کیا ہے کہ 2 سے 3 ماہ میں شہر کی تمام سڑکیں اور نالے صاف کردیئے جائیں ۔ بہت جلد کراچی کی سڑکیں اجلی اور صاف نظر آئیں گی۔

وزیر اعلیٰ سندھ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ وہ پیپلزپارٹی کے چئیرمین بلاول بھٹو اور آصف علی زرداری سے ملاقات کے لیے دبئی جارہے ہیں اور وہاں 2 سے 3 دن قیام کریں گے۔ قائم علی شاہ کا کہنا تھا کہ اعلیٰ قیادت سے مشاورت کے بعد رینجرز کے اختیارات کا فیصلہ ہوگا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔