لاہور میں اورنج لائن منصوبے پر کام کرنے والے ڈمپر کی ٹکر سے 5 افراد جاں بحق

ویب ڈیسک  اتوار 24 جولائی 2016

 لاہور: داروغہ والا کے قریب اورنج لائن منصوبے پر کام کرنے والے ڈمپر کی رکشہ اور موٹر سائیکلوں کو ٹکر کے نتیجے میں 5 افراد جاں بحق اور 2 زخمی ہو گئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے داروغہ والا میں اورنج لائن منصوبے پر کام کرنے والے ڈمپر نے رکشے اور 3 موٹر سائیکلوں کو ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 4 افراد جاں بحق اور 3 زخمی ہو گئے جب کہ ڈمپر ڈرائیور موقع سے فرار ہو گیا جسے بعد ازاں نوری رنگ روڈ سے گرفتار کرلیا گیا۔ حادثے میں جاں بحق ہونے والے 3 افراد کی شناخت عامر، امجد اور نعمان کے ناموں سے ہوئی ہے جب کہ ایک شخص کی شناخت نہ ہو سکی، زخمیوں کو طبی امداد کے لئے سروسز اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ایک شخص زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: لاہور میں گودام کی دیوار گرنے سے اورنج لائن منصوبے کے 8 مزدور جاں بحق

حادثے کے بعد علاقہ مکینوں نے ٹائر جلا کر روڈ بلاک کردی اور شدید احتجاج کیا، مظاہرین کا کہنا تھا کہ آئے روز میٹرو ٹرین منصوبے کے باعث حادثات پیش آتے ہیں جس میں اب تک متعدد افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ جب تک کوئی حکومتی شخصیت آکر یقین دہانی نہیں کراتی تو اس وقت تک احتجاج جاری رہے گا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ واقعہ کا مقدمہ درج کر کے ذمہ داروں کے تعین کے لئے حادثے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دوسری جانب عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ حادثہ ڈمپر ڈرائیور کی تیز رفتاری کے باعث پیش آیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے اورنج لائن منصوبے پر حادثے میں انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو فوری طور پر واقعہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے جب کہ زخمیوں کو بہتر طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔