مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر کرفیو نافذ، انٹرنیٹ سروس بھی معطل

ویب ڈیسک  بدھ 27 جولائی 2016
قابض بھارتی فوج برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد اب تک 60 کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔ فوٹو: فائل

قابض بھارتی فوج برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد اب تک 60 کشمیریوں کو شہید کر چکی ہے۔ فوٹو: فائل

سری نگر: مقبوضہ کشمیر میں ایک بار پھر کرفیو نافذ کردیا گیا ہے جب کہ پلوامہ اور شوپیاں میں دفعہ 144 نافذ کر کے انٹر نیٹ سروس بند اور بھارتی فوج کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی ہے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک روز کی نرمی کے بعد بھارت نے مقبوضہ کشمیر کے جنوبی علاقوں میں دوبارہ کرفیو نافذ کردیا ہے۔ اس کے علاوہ مقبوضہ وادی کے ضلع پلوامہ اور شوپیاں میں دفعہ 144 نافذ کر کے فوج اور پیرا ملٹری فورسز کی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے تاکہ بھارت مخالف ریلیوں اور تحریک آزادی کے جلوسوں کو بندوق کے زور پر دبایا جا سکے۔ مقبوضہ کشمیر کی کٹھ پتلی حکومت نے جنت نظیر وادی کے 10 اضلاع میں انٹرنیٹ سروس بھی معطل کردی ہے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: سری نگر سے 17 روز بعد کرفیو اٹھالیا گیا

بھارتی حکومت نے 17 روز کے کرفیو کے بعد  گرشتہ روز مقبوضہ کشمیر میں کرفیو میں نرمی کی تھی جس کے بعد سری نگر سمیت پوری وادی میں بھارت مخالف ریلیاں اور مظاہرے شروع ہو گئے تھے جس پر بھارتی فوج نے بلا اشتعال فائرنگ کر کے مزید 4 کشمیریوں کو شہید کردیا تھا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: ’مقبوضہ کشمیر بھارت کا اٹوٹ انگ نہیں‘

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کے نوجوان کمانڈر برہان مظفر وانی کی شہادت کے بعد پوری وادی میں بھارت مخالف مظاہروں کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جب کہ بھارتی فورسز نے برہان وانی کی نماز جنازہ میں شرکت کرنے والوں پر فائرنگ کر کے  55 افراد کو شہید اور 1500 سے زائد کو زخمی کردیا تھا۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔