کراچی میں فوجی اہلکاروں پر فائرنگ، پارکنگ پلازہ کے کیمرے 2 گھنٹے تک بند تھے

ویب ڈیسک  بدھ 27 جولائی 2016
پاک فوج کے اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج، فوٹو؛ ایکسپریس

پاک فوج کے اہلکاروں کے قتل کا مقدمہ انسداد دہشتگردی ایکٹ کی دفعات کے تحت درج، فوٹو؛ ایکسپریس

 کراچی: گزشتہ روز صدر پارکنگ پلازہ کے قریب فائرنگ کے واقعہ کے وقت عمارت میں نصب سی سی ٹی وی كیمروں کے بند ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔

 کراچی میں پاک فوج کے اہلکاروں کی شہادت کے بعد پولیس، رینجرز اور دیگر تحقیقاتی اداروں نے خفیہ اطلاعات پر مختلف علاقوں میں كارروائیاں كرتے ہوئے متعدد افراد كو حراست میں لے كر ان سے پوچھ گچھ شروع كردی ہے۔ ذرائع كا كہنا ہے كہ جس وقت پاركنگ پلازہ كے عقبی گلی میں پاك فوج كے جوانوں كو نشانہ بنایا گیا اس وقت پاركنگ پلازہ كی عمارت میں نصب سی سی ٹی وی كیمر ے ڈیڑھ سے 2 گھنٹے كے لیے بند تھے جس كے باعث مذكورہ كیمرے دہشت گردی كی واردات كی ریكارڈنگ محفوظ نہیں كرسكے جس پر تحقیقاتی اداروں نے پاركنگ پلازہ كے كنٹرول روم سے 2 آپریٹرز كو بھی حراست میں لے كر ان سے اس حوالے سے تفتیش كی جا رہی ہے كہ سی سی ٹی وی كیمرے ڈھائی سے ساڑھے 4 بجے تك كیوں بند ركھے گئے تھے۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کراچی میں سیکیورٹی ادارے کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 اہلکار شہید

پاركنگ پلازہ كے كنٹرول روم میں كام كرنے والے ایك آپریٹر كا كہنا ہے كہ پاركنگ پلازہ میں نصب كیمروں كا سسٹم گرم ہوجانے كے بعد روزانہ معمول كے مطابق ڈیڑھ سے 2 گھنٹے كے لیے بند كیا جاتا ہے۔ ذرائع كا كہنا ہے كہ تحقیقاتی اداروں نے نیو پریڈی اسٹریٹ كوری ڈور تھری میں نصب ایك سی سی ٹی وی كیمرے كی 18سیكنڈ كی فوٹیج حاصل كر لی ہے جس میں دیكھا جا سكتا ہے كہ مبینہ طور پر ہیلمٹ پہنے ہوئے موٹر سائیكل سوار نامعلوم دہشت گردوں نے مزار قائد كی عقبی چورنگی سے پاك فوج كی جیپ كا پیچھا شروع كیا۔

اس خبر کو بھی پڑھیں: کراچی میں  ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ سے 2 اہلکار شہید

ذرائع نے مزید بتایا کہ مذكورہ سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل كرنے كے بعد تحقیقاتی اداروں كی جانب سے واقعے كی تحقیقات مزید تیز كردی ہے اور مذكورہ سی سی ٹی وی فوٹیج كو ایك بڑی پیش رفت قرار دیا جارہا ہے۔

دوسری جانب پاك فوج كے 2 جوانوں كے قتل كا مقدمہ دہشت گردی ایكٹ 7:ATA كے تحت پاك فوج كے صوبیدار محمد اقبال كی مدعیت میں كاؤنٹر ٹیرر ازم ڈپارٹمنٹ گارڈن میں درج كرلیا گیا جب کہ واقعے كی تفتیش كاؤنٹر ٹیرر ازم  ڈپارٹمنٹ سول لائن كو منتقل كردی گئی۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے صدر پارکنگ پلازہ کے قریب ملٹری پولیس کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار دونوں اہلکار شہید ہوگئے۔

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔